جشن تلنگانہ علامہ اقبال کی یادگار پر تاریکی کا سایہ

نلگنڈہ /30 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع نظم و نسق کی جانب سے چھ روزہ جشن تلنگانہ کے موقع پر نلگنڈہ مستقر پر واقع مجسموں اور اعلی عہدیداروں کی رہائش گاہوں کو برقی قمقموں سے منور کیاگیا لیکن عہدیداروں نے اردو حلقوں کے جذبات کو یکسر نظر انداز کردیا ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام میں مسلمانوں کی بالخصوص اردو حلقوں کی جانب سے بڑے پیمانہ پر حصہ لیا تھا ۔ اگرچیکہ عہدیداروں نے حد سے زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر کی اہم مقامات کو منور کیا گیا لیکن ایشیاء کے بڑے شاعر علامہ اقبال کی یاد میں تعمیر کردہ اقبال مینار کو تاریکی میں چھوڑ دیا گیا ۔ عہدیداروں کی لاپرواہی سے بعض سیاسی قائدین نے اعلی عہدیداروں کو آگاہ کرنے کے باوجود اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ نئی ریاست تلنگانہ کی حکومت اپنے عہدے پر فائز ہوتے ہی ایسے لاپرواہ و تعصب ذہن عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنے کی عوام بالخصوص اردو حلقوں کی جانب سے خواہش کی جارہی ہے ۔