نئی دہلی ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آنجہانی کامیڈین جسپال بھٹی کی بیوہ سویتا بھٹی عام آدمی پارٹی کی چنڈی گڑھ سے امیدوارہ ہوں گی جبکہ جے این یو کے پروفیسر آنند کمار دہلی سے انتخاب لڑیں گے۔ پارٹی نے آج آنے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنے 20 امیدواروں کی تیسری فہرست کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے مرکزی علاقہ چنڈی گڑھ کی واحد نشست، دہلی اور کیرالا سے دو، مدھیہ پردیش سے سات، اڈیشہ سے سات اور بہار سے ایک سیٹ کیلئے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ اس تیسری فہرست میں ڈاکٹر، ایکٹر، ٹیچر، سابق سفارت کار، ماہرین تعلیم اور سماجی کارکنان شامل ہیں۔
دہلی میں پارٹی نے نارتھ۔ ایسٹ دہلی سے پروفیسر کمار کو ٹکٹ دیا ہے؛ اس حلقہ کی موجودہ طور پر سابق صدر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی جئے پرکاش اگروال نمائندگی کررہے ہیں۔ نارتھ ویسٹ دہلی سے پارٹی نے سماجی جہدکار مہیندر سنگھ کو امیدوار بنایا ہے۔ یہ سیٹ کی موجودہ طور پر مرکزی وزیر کرشنا تیرتھ نمائندگی کررہی ہیں۔ پارٹی کو ابھی دو نشستوں ساؤتھ دہلی اور نئی دہلی کیلئے امیدواروں کا اعلان کرنا ہے۔ کیرالا سے پارٹی نے سابق آئی پی ایس آفیسر اجیت جوائے کو تھرواننتاپورم سے انتخابی میدان میں اتارا ہے،
یہ نشست فی الحال مرکزی وزیر اور سابق اقوام متحدہ انڈر سکریٹری جنرل ششی تھرور کے پاس ہے۔ اتفاق سے جوائے آئی پی ایس چھوڑ کر اقوام متحدہ کے دفتر برائے ڈرگس اور کرائم میں شامل ہوئے تھے۔ بعد میں انھوں نے اقوام متحدہ چھوڑ کر عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ مدھیہ پردیش میں پارٹی نے گنا سے جس کی موجودہ طور پر مرکزی وزیر جیوتیر ادتیہ سندھیا نمائندگی کرتے ہیں، سماجی جہدکار شیلندر سنگھ کشواہا کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ بہار میں دربھنگہ سے جہاں سابق کرکٹر اور بی جے پی ایم پی کیرتی آزاد موجودہ نمائندہ ہیں، پارٹی نے ڈاکٹر پربھات رنجن داس کو امیدوار بنایا ہے، جو امریکہ میں کام کرچکے ہیں۔
پاسوان کی اڈوانی سے ملاقات
نئی دہلی ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایل جے پی سربراہ رام ولاس پاسوان نے آج بی جے پی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی سے ملاقات کی جبکہ انھوں نے دو روز قبل ہی بی جے پی کے ساتھ لوک سبھا چناؤ کیلئے اپنی پارٹی کے اتحاد کا اعلان کیا تھا۔ پاسوان جو 2002ء میں گجرات فسادات پر این ڈی اے چھوڑ گئے تھے، جمعرات کو بی جے پی زیر قیادت اتحاد میں واپس ہوگئے۔ نشستوں کی تقسیم کے باہمی معاہدہ کے تحت ایل جے پی بہار میں 40 لوک سبھا نشستوں کے منجملہ 7 پر انتخاب لڑے گی۔