جسٹس جوزف کو سپریم کورٹ جج بنانے سے روکنا وزیراعظم کی ’’انتقامی سیاست‘‘:کانگریس

نئی دہلی ۔ /26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک کے انتہائی سینئر چیف جسٹس کے ایم جوزف کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کئے جانے کی منظوری دینے سے انکار کرتے ہوئے انتقامی سیاست میں ملوث ہورہے ہیں ۔ کانگریس کمیونیکیشنس انچارج رندیپ سرجیوالا نے الزام عائد کیا کہ عدلیہ شر کی زد میں ہے اور اگر اب قوم نہیں اٹھے گی تو جمہوریت خطرہ میں پڑجائے گی ۔ سرجیوالا نے ٹوئیٹر پر کہا کہ اس سے مودی کی انتقامی سیاست پھر ایک بار آشکار ہوگئی ہے اور کہا کہ جسٹس جوزف ، جو اتراکھنڈ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہیں ، ہندوستان کے انتہائی سینئر چیف جسٹس ہیں ۔ پھر بھی مودی حکومت انہیں سپریم کورٹ جج مقرر کئے جانے کی منظوری دینے سے انکار کررہی ہے اور انہیں اتراکھنڈ میں صدر راج پر سوال اٹھانے پر ایسا کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے یہ ریمارکس ان اطلاعات کے درمیان کئے کہ حکومت نے سپریم کورٹ جج کیلئے اندو ملہوترا کے نام کو منظوری دے دی جبکہ جسٹس جوزف کی ترقی کو روک دیا ہے ۔