جسونت سنگھ کے فرزند کی آج کانگریس میں شمولیت

جئے پور ؍ بارمیر ۔ 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں ڈسمبر کے دوران ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کے سینئر لیڈر جسونت سنگھ کے فرزند اور رکن اسمبلی مانویندر سنگھ چہارشنبہ کو کانگریس میں شامل ہوجائیں گے۔ 54 سالہ مانویندر سنگھ 2013ء کے انتخابات میں بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے حلقہ بارمیر شیو سے منتخب ہوئے تھے اور گذشتہ ماہ منعقدہ ریالی میں اعلان کیا تھا کہ وہ بی جے پی سے علحدہ ہورہے ہیں۔ مانویندر سنگھ نے کہا تھا کہ ’’کنول کا پھول ۔ بڑی بھول‘‘ ہے اور دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے انتخابی نشان کنول کے پھول کے ساتھ جانا ان کی ایک بڑی غلطی تھی۔ کانگریس قائدین نے دعویٰ کیا ہیکہ مانویندر سنگھ کے اس اقدام سے ان کی پارٹی کو راجپوتوں کے ووٹ حاصل ہوں گے لیکن بی جے پی کے قائدین نے کہا کہ رکن اسمبلی کے غلط سیاسی فیصلہ کا ان کی پارٹی پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ راجستھان پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر سچن پائلٹ نے کہا ہیکہ ’’مانویندر سنگھ کل نئی دہلی میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی سے ملاقات کے ساتھ اس پارٹی میں شامل ہوجائیں گے‘‘۔