نئی دہلی/ بارمیر ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جسونت سنگھ کو پارٹی ٹکٹ سے انکار اور جاری تنازعہ اب تک تھم نہیں سکا اور انہوں نے بی جے پی صدر راج ناتھ سنگھ پر دانستہ طور پر انہیں نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ۔ جسونت سنگھ نے انہیں پارٹی سے خارج کرنے کا قیادت کو چیلنج کیا ۔ اس کے جواب میں بی جے پی نے کہا کہ اس طرح کی سیاسی پیچیدگیاں عام بات ہے۔ 76 سالہ بی جے پی لیڈر جسونت سنگھ نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ نے انہیں یقیناً کسی منصوبہ کے تحت نظرانداز کیا ہے۔ ان کے ساتھ دھوکہ کیا گیا اور ان کی توہین کی گئی۔ وہ کافی مایوس ہوچکے تھے لیکن انہوں نے پارٹی نہیں چھوڑی ہے اور وہ ایسا کرنا بھی نہیں چاہتے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی فیصلے کرنے پڑتے ہیں لیکن انہوں نے مزید کوئی صراحت نہیں کی۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر ہم دل کی گہرائیوں سے چاہیں تو بھی بارمیر سے جسونت سنگھ کو ٹکٹ دینا ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے ہر ایک سے بات کی اور ہر کوئی ان کا احترام کرتا ہے لیکن بعض سیاسی پیچیدگیاں ہیں جس کی بناء انہیں ٹکٹ نہیں دیا جاسکتا تھا۔