جسم فروشی کے کاروبار پر مکان مہربند

حیدرآباد /4 جنوری ( سیاست نیوز ) سرور نگر پولیس نے آج ایک مکان کو مہربند کردیا جس میں جسم فروشی کا کاروبار کیا جارہا تھا ۔ تاہم یہ مکان جسم فروشی کا کاروبار کرنے والا شخص کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے چلارہا تھا ۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں جسم فروشی ، قحبہ گری اور انسانی سوداگری کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات جاری ہے اور پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ مکان کرایہ پر دینے سے قبل اور اس کے بعد سخت چوکس رہیں اور کسی بھی قسم کی غیر سماجی سرگرمیوں کے خلاف پولیس کو اطلاع دیں ۔ سرور نگر پولیس نے ریونیو حکام کی مدد سے مکان مہربند کروایا ۔ تحصیلدار و ایگزیکیٹیو مجسٹریٹ سرور نگر منڈل محترمہ شرمیلہ کی خصوصی ہدایت اور احکامات پر پولیس روڈ نمبر 4 گرین پارک کالونی کرمن گھاٹ میں واقع مکان کو آج مہربند کردیا ۔