کنڈاپور کے اپارٹمنٹ میں پولیس کا خصوصی آپریشن
حیدرآباد /28 جون ( سیاست نیوز ) مادھاپور پولیس نے جسم فروشی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ۔ راگھویندرا نگر کالونی کنڈاپور کے ایک اپارٹمنٹ کے فلیٹ میں جسم فروشی کا کاروبار جاری تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق آندھرا اور مغربی بنگال کی لڑکیوں کے ذریعہ جسم فروشی کروائی جارہی تھی ۔ مادھاپور کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد بشمول ایک گراہک کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اصل سرغنہ آرگنائزر رامیش عرف سائی رمیش پولیس کی گرفت سے باہر ہے ۔ جو اس جسم فروشی کا کاروبار کر رہا تھا ۔ پولیس نے رمیش کے معاون 24 سالہ مرلی ساکن وجئے واڑہ کو گرفتار کرلیا اور ایک 22 سالہ لڑکی جو مغربی بنگال سے تعلق رکھتی ہے ۔ اس کو بھی حراست میں لے لیا ۔ اس کے علاوہ اس فلیٹ میں صفائی کا کام کرنے والی 43 سالہ خاتون ورا لکشمی ساکن راجمنڈری کے علاوہ گراہک شیخ توفیق ساکن حفیظ پیٹ کو بھی حراست میں لے لیا ۔ پولیس نے اس ٹھکانے سے 1580 نقد رقم 4 سیل فون اور دیگر اشیاء کو بھی ضبط کرتے ہوئے مزید تحقیقات کیلئے انہیں گچی باؤلی پولیس کے حوالے کردیا ۔