جسجیت کے دو گول ، ہندوستان کو ملائشیا کے مقابل 3-2 کی کامیابی

اینٹورپ ( بلجیم ) ، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جسجیت سنگھ کولار نے آخری چوتھائی حصے میں دو پنالٹی کارنرز گول میں تبدیل کرتے ہوئے ہندوستان کو ہاکی ورلڈ لیگ (ایچ ڈبلیو ایل) سیمی فائنل کے آخری چار والے مرحلے میں پہنچا دیا جبکہ 2014ء کے ایشین گیمز چمپینس اچھی مزاحمت کرنے والے ملائشیا پر گزشتہ روز کوارٹر فائنل میں 3-2 سے فتح پانے میں کامیاب ہوگئے۔ ستبیر سنگھ نے عالمی نمبر 9 انڈیا کو 15 ویں منٹ میں سبقت دلائی لیکن عالمی نمبر 12 ملائشیا کو کپتان رضی رحیم (15 واں منٹ) اور شہریل صباح (23 واں منٹ) نے 2-1 سے آگے کردیا، جس کے بعد جسجیت نے دو مرتبہ ( 49 اور 56 واں منٹ) گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو یہاں براشات میونسپل پارک میں فتح سے ہمکنار کرایا۔ ہندوستان جو پہلے ہی 2016ء ریو اولمپکس کیلئے کوالیفائی ہوگیا، سیمی فائنل میں میزبان بلجیم سے کھیلے گا جس نے فرانس کو دیگر کوارٹر فائنل میں ہرایا ہے۔ عالمی نمبر 1 آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 4-1 سے شکست دے کر انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل مقابلہ مقرر کیا ہے، جس نے دن کے ابتدائی میچ میں پاکستان میں 2-1 سے ہرایا۔

اس ناکامی کے ساتھ چار مرتبہ کے ورلڈ کپ ونرز پاکستان نے ریو اولمپکس کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع گنوادیا۔ ہندوستان اور ملائشیا کے درمیان مقابلہ تیزرفتار کھیل سے شروع ہوا جبکہ دونوں ٹیموں نے جوابی حملے کی روش اختیار کی، اور ابتدا سے ہی اپنے ارادے ظاہر کردیئے۔ ہندوستان کو پہلا موقع تیسرے منٹ میں ملا جب آکاش دیپ سنگھ ملائشین سرکل کی دائیں جانب سے دندناتے ہوئے آگے بڑھے اور دو مارکرز کو چکمہ دیتے ہوئے گیند ستبیر کی طرف بڑھائی، جنھوں نے گیند کو نٹ میں پہنچاتے ہوئے اسکور کو 1-0 کیا۔ ایک منٹ بعد آکاش دیپ کو اسکور 2-0 کرنے کا شاندار موقع ملا جب ان کے آگے صرف حریف گول کیپر رسلان جمال الدین ہی رکاوٹ رہ گئے تھے لیکن ہندوستانی کھلاڑی نے گیند پوسٹ کے اوپر مار دی۔ کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر ملائشیا کو تیزرفتار جوابی حملے پر پنالٹی کارنر دیا گیا، جسے کپتان رحیم نے ضائع کردیا۔ دونوں گول کیپرز پی آر سریجیش اور رسلان کیلئے مشکل دن رہا جبکہ ان کی ٹیمیں جارحانہ انداز میں کھیلتی رہیں۔ ملائشیا ابتدائی چوتھائی کے آخری پانچ منٹ میں بہتر نظر آیا اور اپنا برابری والا گول 15 ویں منٹ میں کیا جب ازونا حسن نے گیند کو ضرب لگائی جو ہندوستان کے بریندر لاکڑا کے پیر پر جالگی، جس پر پنالٹی کارنر دیا گیا۔ کپتان رحیم نے اپنی ابتدائی غلطی کو سدھارتے ہوئے زمین سے زوردار شاٹ پوسٹ کے رائٹ کارنر میں دے مارا۔ جیسے ہی دوسرا کوارٹر شروع ہوا، ملائشیا نے ہندوستان کے دباؤ کو سنبھالتے ہوئے مڈفیلڈ پر غلبہ حاصل کیا۔ انھوں نے ہندوستانیوں کے مقابل زیادہ رفتار اور توانائی کا مظاہرہ کیا اور اس کا انھیں 23 ویں منٹ میں 2-1 کی سبقت کی شکل میں ثمر بھی حاصل ہوا۔

پنالٹی کارنر پر رحیم نے صباح کو ڈمی شاٹ کھیلا، جو سریجیش کے پیروں میں گیند کو نکالنے میں کامیاب ہوگئے، جو انڈین وائس کیپٹن کی طرف سے انوکھی غلطی ثابت ہوئی۔ ہندوستان نے مزید طاقت کے ذریعے جواب دیا۔ تاہم وہ دو پنالٹی کارنرز کا اپنی بے سمت کوششوں کے پیش نظر فائدہ اٹھانے میں ناکام ہوئے۔ کپتان رحیم کا کافی اچھا دن رہا جیسا کہ انھوں نے ملائشیائی ڈیفنس کی قیادت کی جس نے نکن تھیمیا، دیویندر والمیکی، ستبیر اور دھرم ویر سنگھ جیسے کھلاڑیوں کے خلاف ٹھوس دفاع کیا۔ 1-2 سے پچھڑنے کے بعد ہندوستان 15 منٹ کے آخری کوارٹر کی شروع سے جارحانہ ہوا۔ لاکڑا نے دائیں جانب سے کافی اچھی سعی کی اور گیند کو ونگر گربخش سنگھ تک پہنچایا، جن کی راہ میں ملائشیا کے ایک ڈیفنڈ کا پیر آگیا، جس پر 49 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر ملا۔ جسجیت نے دوسرے موقع میں گیند کو کچھ بلندی سے نٹ میں پہنچاتے ہوئے اسکور کو 2-2 کردیا جبکہ پہلی کوشش پر ملائشیا والے ڈیفنس میں گڈمڈ ہوگئے تھے۔ ہندوستان کی طرف سے اسکور مساوی ہوجانے کے بعد 2014ء کے ایشین گیمز چمپینس نے مزید جارح انداز اختیار کیا اور ایک پنالٹی کارنر دیئے گئے۔ جسجیت نے 56 ویں منٹ میں زوردار فلِک نٹ میں ڈال کر ہندوستان کو 3-2 کی سبقت دلائی۔ اور بعد میں سریجیش کی شدید آزمائش ہوئی لیکن ہندوستانی گول کیپر نے برتری ثابت کرتے ہوئے ہندوستان کو سیمی فائنل تک پہنچایا۔