جرمن سفارت کاروں پر حملہ، دو مشتبہ سعودی گرفتار

ریاض۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں حکام نے جنوری میں دو جرمن سفارتکاروں پر حملے کے الزام میں دو اور مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہیکہ ایک ملزم احمد بن حسین العرابی کو فروری کے آغاز میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس نے دوران تفتیش حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا اور اپنے دوسرے ساتھیوں کے نام بھی بتا دیئے تھے۔ ان میں سے ایک کو بعد میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ترجمان نے مشرقی صوبے میں تشدد کے الزام میں مطلوب 3دیگر افراد سے بھی کہا ہے کہ وہ خود کو حکام کے حوالے کر دیں۔ ان تینوں کے نام سعودی عرب کو مطلوب 23افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔ ترجمان نے دو اور سعودیوں کو بھی خود کو حکام کے حوالے کرنے کیلئے کہا ہے مگر ان کے نام اس فہرست میں شامل نہیں ہیں۔یادرہیکہ سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں 13 جنوری کو جرمن سفارتکاروں کی دو کاروں پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی تھی۔ تاہم دونوں سفارتکار اس حملے میں محفوظ رہے تھے۔ اس صوبے میں ملک کی شیعہ اقلیت اکثریت میں آباد ہے۔