مولیم ان ڈر رور (جرمنی) ، 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ سائنا نہوال فٹنس مسائل کے سبب ایک اور ایونٹ میں شرکت سے محروم ہورہی ہیں، پی وی سندھو اور کیدمبی سریکانت 120,000 امریکی ڈالر والے جرمن گرانڈ پری گولڈ میں انڈین چیلنج کی قیادت کریں گے، جس کے کوالیفائرز کل یہاں شروع ہورہے ہیں۔ عالمی نمبر 2 سائنا جن کا ٹخنہ گزشتہ سال زخمی ہوا تھا، انھیں رواں سال ہنوز کوئی انٹرنیشنل ٹورنمنٹ کھیلنا ہے جبکہ وہ باوقار آل انگلینڈ چمپئن شپ سے قبل مکمل فٹنس کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ اُن کی غیرموجودگی میں ویمنس سنگلز میں ہندوستان کی مہم کی قیادت سندھو کریں گی۔ 20 سالہ حیدرآبادی کو جرمن اوپن کے اوپننگ راؤنڈ امریکہ کی رانگ شافر کا سامنا ہے۔ دوسری طرف سریکانت جنھوں نے گزشتہ ماہ لکھنو میں سید مودی گرانڈ پری گولڈ جیتا، اچھے فام میں نظر آرہے ہیں۔