جرمنی ‘ آج پرتگال کے مقابلہ میں بہتر مظاہرہ کیلئے کوشاں

سلوا ڈور 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) جرمنی ورلڈ کپ فٹبال میں کل اپنا افتتاحی مقابلہ کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال کے خلاف کھیلے گی اور ٹیم کل کے اس اہم مقابلے میں بہتر مظاہرہ کرنے کوشاں ہے ۔ جرمنی نے 2006 کے ورلڈ کپ میں پرتگال کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی اس کے علاوہ یوروپین چمپئن شپ کے آخری دونوں مقابلے بھی اس نے ہی جیتے تھے ۔ وہ چاہتی ہے کہ گروپ جی کے اس میچ میں بھی اسے کامیابی سے شروعات کرنے کا موقع مل سکے ۔ پرتگال کو یورو 2012 میں جرمنی کے خلاف افتتاحی مقابلہ میں 1 – 0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ میچ سے قبل اب یہاں یہ بات توجہ طلب ہوگئی ہے کہ آیا افتتاحی مقابلہ میں کرسٹیانو رونالڈو فٹ ہوکر میدان پر آئیں گے یا نہیں۔ پرتگالی کھلاڑیوں نے اس یقین کا اظہارکیا ہے کہ رونالڈو میچ تک مکمل فٹ ہوجائیں گے ۔میچ سے قبل رونالڈو اپنی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ میں حصہ لے رہے ہیں۔