جرمنی چوتھی مرتبہ سیمی فائنل میں داخل

ریوڈی جنیرو۔ 5جولائی (سیاست ڈاٹ کام )ورلڈکپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں جرمنی نے فرانس کو ایک گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔جرمنی کی ٹیم چوتھی مرتبہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں کھیلے مقابلے میں آغاز سے ہی جرمن ٹیم حاوی رہی اور اس نے گیند زیادہ عرصے اپنے قبضے میں رکھی۔میچ کے ابتدائی دس منٹ میں جرمن کھلاڑیوں نے کئی حملے کئے لیکن وہ فرانسیسی گول کیپر کو پریشان نہ کر سکے۔تاہم 13ویں منٹ میں جرمنی نے اس وقت برتری حاصل کر لی جب اس میچ کے لیے شامل کئے جانے والے میٹس ہملز نے کروس کی فری کک پر گیند خوبصورت ہیڈر سے فرانسیسی گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔فرانسیسی ٹیم ایک گول کا خسارہ ختم کرنے میں ناکام رہی۔خسارے میں جانے کے بعد فرانسیسی ٹیم نے بہتر اور جارحانہ کھیل پیش کیا۔