جرمنی وسعودی کے درمیان مضبوط تعلقات

غلط فہمیاں دور کرنے کاعزم : وزرائے خارجہ
ریاض ؍ برلن۔26 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اپنے جرمن ہم منصب ہایکو ماس کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں اُنہوں نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔’العربیہ ‘ کے مطابق عادل الجبیر نے جرمن وزیر خارجہ کے بیان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ریاض اور برلن کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک مضبوط تاریخی تعلقات اور تزویراتی روابط کو مزید مستحکم کریں گے۔ سعودی عرب بھی جرمنی کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کی کوششیں جاری رکھے گا۔عادل الجبیر نے کہا کہ خطے اور پوری دنیا میں امن وامان اور استحکام کے لیے جرمنی اور سعودی عرب کا کردار انتہائی اہم ہے۔ دونوں ممالک عالمی اقتصادیات پر بھی مثبت اثرات ڈالتے ہیں۔انہوں نے جرمن وزیر خارجہ کو دو طرفہ تعاون اور تعلقات کے ایک نئے دور کے آغاز کے لیے سعودی عرب کے دورے کے دعوت دی اور کہا کہ سعودیہ بھی جرمنی کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔