بھونیشور۔ 9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرسٹوفر کے دو شاندار گولوں کی مدد سے جرمنی نے ایشیائی کھیلوں کے سلور فاتح ملائیشیا پر اتوار کو 5-3 سے جیت درج کرتے ہوئے پول ڈی سے ورلڈ کپ ہاکی ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ۔دو بار کی چمپئن جرمنی کی پول ڈی میں یہ مسلسل تیسری جیت رہی اور اس نے 9 پوائنٹس کے ساتھ پول سے سرفہرست ٹیم کے طور پر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ایشیائی کھیلوں کے سلور فاتح ملائیشیا کے تین میچوں میں یہ دوسری شکست رہی اور وہ ایک پوائنٹس کے ساتھ پول میں چوتھے اور آخری نمبر پر ہے ۔عالمی درجہ بندی میں 12 ویں مقام کی ٹیم ملائیشیا نے چھٹی درجہ بندی کی جرمنی کو سخت ٹکر دی اور میچ میں تین گول داغے ۔ میچ میں اگرچہ جرمنی نے طوفانی شروعات کی اور 18 منٹ تک تین گول داغ دیے ۔ٹم ھرزبرک نے دوسرے منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کر جرمنی کو آگے کر دیا۔ کرسٹوفر نے 14 ویں اور 18 ویں منٹ میں دو میدانی گول کر جرمنی کو 3-0 سے آگے کر دیا۔