برلن۔28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال ورلڈکپ کی عالمی برتری سے پہلے دوستانہ مقابلوں میں دفاعی چیمپئن جرمنی کو شکست ہو گئی، میزبان روس کو بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ سوپر سٹار لیونل میسی سے محروم ٹیم ارجنٹیناکو 6-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ برلن میں دوستانہ میچ میں عالمی چیمپئن جرمنی اور برازیل کا مقابلہ ہوا، سینتیسویں منٹ جیسس نے گول اسکور کر کے چیمپئن ٹیم کو زیر کردیا۔ جرمنی کی ٹیم کو صرف ایک شکست نہیں ہوئی بلکہ لگاتار 23 فتوحات پر بھی روک لگ گئی۔ سینٹ پیٹرز برگ میں ورلڈکپ میزبان روس کا فرانس سے میچ ہوا۔ فرنچ کھلاڑی بیپی نے تیس گز کی دوری سے خوبصورت گول اسکور کیا۔ پال پوگبا اور پھر بیپی کے گول نے فرانس کو 3-1 کی فتح دلائی۔ میڈرڈ میں کھیلے گئے ارجنٹیناکے خلاف میچ کو اسپین نے یکطرفہ بنا دیا۔میسی کے زخمی ہونے کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اسپین کے ڈیگو کوسٹا نے پہلا گول کیا۔ آئیسکو نے گولز کی ہیٹ ٹرک کر ڈالی۔ مزید دو گولز کی بدولت 2010 کی عالمی چیمپئن ٹیم کو 6-1 کی بڑی کامیابی ملی۔