جرمانہ کے بغیر جائیداد ٹیکس کی ادائیگی

آج آخری تاریخ ‘ سرویس سنٹرس 8 بجے تک کھلے رہیں گے
حیدرآباد ۔ 29 ؍ جون ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں کسی جرمانہ کے بغیر جائیداد ٹیکس ادا کرنے کی 30 جون آخری تاریخ ہوگی ۔ جس کے پیش نظر جائیداد ٹیکس ادا کرنے عوام کی سہولت کے پیش نظر سٹیزن سرویس سنٹرس ‘ 30 جون کو 8 بجے شب تک کھلے رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ چیف پبلک ریلیشنز آفیسر جی ایچ ایم سی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ یکم جولائی سے جائیداد ٹیکس ادا کرنے پر دو فیصد جرمانہ وصول کیا جائیگا ۔ لہذا تمام جائیداد مالکین سے بل کلکٹرس یا سٹیزن سرویس سنٹرس می سیوا یا آن لائن کے ذریعہ اپنا جائیداد ٹیکس ادا کرنے کی پرزور اپیل کی ۔ انہوں نے بتایا کہ زائد از چار لاکھ مالکین جائیداد نے آج تک جی ایچ ایم سی کو 204 کروڑ روپئے بطور ٹیکس ادا کئے ۔ جبکہ گذشتہ سال ماہ جون کے اختتام تک گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو جائیداد ٹیکس کے عوض صرف (91.16) کروڑ روپئے ہی وصول ہوئے تھے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پراپرٹی ٹیکس پریشکارم پروگرام ( جائیداد ٹیکس کی یکسوئی پروگرام) کا تمام 18 جی ایچ ایم سی سرکلس میں انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس پروگرام کے تحت آج جملہ 457 درخواستیں جائیداد ٹیکس سے متعلق وصولی ہوئیں جبکہ ان (452) درخواستوں کے منجملہ 178 درخواستوں کی یکسوئی ممکن ہوسکی ۔ اور تمام ڈپٹی کمشنر ان بلدیہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ماباقی درخواستوں کی یکسوئی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں ۔