جرائم کے انسداد کیلئے ہر ممکنہ اقدامات ‘ عوام سے تعاون کی اپیل

نظام آباد کے مالاپلی ‘مجاہدنگر میں پولیس کارڈن سرچ کے موقع پر کمشنر مسٹر کارتیکیا کا خطاب

نظام آباد :3؍فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)پولیس کمشنر نظام آباد مسٹر کارتیکیا نے کہا کہ ساگوانی چوبینہ کی غیر مجاز منتقلی کی روک تھام ، جرائم سے پاک ضلع کی تعمیر کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے ہر ممکنہ اقدامات روبہ عمل لائے جا رہے ہیں امکانی علاقوں میں نظام آباد ضلع بھر میں مرحلہ واری اساس پر کارڈن سرچ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے انہو ں نے واضح کیا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کی ہدایت اور ریاستی آئی جی کے احکام پر جرائم کی روک تھام کیلئے کارڈن سرچ پروگرام منعقد کیا گیا ۔ نظام آباد شہر کے Iٹائون ، Vٹائون پولیس اسٹیشن حدود میں واقع مالاپلی ، مجاہد نگر علاقوں میں کارڈن سرچ پروگرام کا ضلع پولیس اور ضلع جنگلات محکموں کی جانب سے مشترکہ طور پر انعقاد عمل میں لایا گیا بعدازاں آمینہ فنکشن ہال میں منعقدہ عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس کمشنر نے کہا کہ مشتبہ افراد کی نشاندہی کیلئے یہ پروگرام منعقد کیا گیا ہے امن و ضبط کی برقراری ، جرائم کی روک تھام کیلئے یہ پروگرام اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ اپنے مکانات اجنبی افراد کو کرایہ پر نہ دیں اجنبی افراد کو مکانات کرایہ پر دینے سے قبل ان کی مکمل تفصیلات حاصل کی جائے ۔ مشتبہ افراد کی کالونی میں حمل و نقل پر قریبی پولیس اسٹیشن میں اطلاع دیں ۔ گاڑی کے مالکین دوسروں کو گاڑیاںنہ دیں ہر گاڑی مالک اپنے ساتھ گاڑی کے دستاویزات رکھیں انہوں نے کہا کہ عوام کو فرینڈلی پولیس کے تحت سہولت پہنچائی جارہی ہے عوام بھی پولیس کا تعاون دیتے ہوئے جرائم کی روک تھام میں ساتھ دیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگلات کے دن بہ دن کاٹ دئیے جانے سے ماحول کا تحفظ مسئلہ بناء ہوا ہے غیر مجاز طریقہ پر ساگوان چوبینہ کی منتقلی اور کاروبار کرنے کی اطلاع پولیس کو دینے کی انہوں نے عوام سے خواہش کی ۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا کے ذریعہ جرائم کے واقعات کی روک تھام کیلئے والدین ، سرپرست نوجوانوں پر کڑی نظر رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے بعد نظام آباد میں رات دیر گئے تک نوجوانوں اور عوام کے چوراہوں ، ہوٹلوں ، چبوتروں پر بیٹھے رہنے کے واقعات کی روک تھا م کیلئے آپریشن چبوترا کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا اور مختلف نوجوانوں ، افراد کی کونسلنگ کرتے ہوئے رات دیر گئے بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔ اس ضمن میں عوام نے پولیس کی کافی ستائش بھی کی ۔ اسی طرح رہائشی علاقوں سے گانجہ ، مٹکہ ، غیر قانونی شراب ، جوا، غیر قانونی ساگوانی چوبینہ کے کاروبار کی روک تھام اور غیر سماجی سرگرمیوں کے انسداد کے ذریعہ عوام کو پرُ سکون ماحول فراہم کرنے پولیس اور محکمہ جنگلات کی جانب سے مشترکہ پروگرام منعقد کرتے ہوئے تلاشی کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اس کارڈن سرچ کے موقع پر نمبر پلیٹ دستاویزات نہ ہونے والی 40 موٹر سیکلوں ، 3آٹو رکشہ ، 1 کار کے علاوہ غیر قانونی ذخیرہ کردہ ساگوانی چوبینہ کی ضبطی عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ سرقہ کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے کالونیوں میں سی سی کیمروں کو نصب کیا جائے اس پروگرام میں ڈی ایس او پرساد، اڈیشنل ڈی سی پی لاء اینڈ آرڈر سریدھر ریڈی نے بھی مخاطب کیا ۔ پروگرام میں تربیتی آئی پی ایس عہدیدار غوث عالم ، اے سی پی نظام آباد سرینواس کمار ، اے سی پی ڈی ٹی سی سری رام ،اسپیشل برانچ انسپکٹر مہیشور ،ٹائون سرکل انسپکٹر نریش ، سرینواس ریڈی ، Iٹائون ایس ایچ او جگدیپ، سب انسپکٹر کرشنا ، انجنیلو ، سنتوش کمار و دیگر نے شرکت کی ۔