ہنمکنڈہ 21 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈی آئی جی ورنگل رینج ملاریڈی نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں موٹر سیکل پٹرولنگ گاڑی کو جھنڈی دکھاکر آغاز کیا۔ اس موقع پر اُنھوں نے کہاکہ پولیس کو عوام دوست ہونا چاہئے۔ عوام کی خدمت کے لئے اور شہر کے تینوں علاقوں ورنگل، قاضی پیٹ، ہنمکنڈہ کے علاوہ ضلع بھر میں جرائم کی روک تھام کے لئے اس طرح کی خدمات سے عوام استفادہ کریں۔ ڈی آئی جی ملاریڈی نے کہاکہ اس وقت 7 موٹر سیکل موبائیل پٹرولنگ ٹیم کا آغاز کیا گیا۔ بعدازاں یہ سہولیات ضلعی سطح پر فراہم کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ ٹیم کا راست ڈسٹرکٹ کنٹرول روم سے ربط رہے گا۔ ہر ٹیم کے پاس ایک کمرہ اور اسمارٹ فون رہے گا جو فوری ویڈیو گرافی کرکے کنٹرول روم کو معلومات فراہم کریں گے۔ علاوہ اس کے شہر میں خواتین کے گلے سے چین اُڑانے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ چوریاں ہورہی یں۔ علاوہ اس کے روزانہ کئی ایک چھوٹے موٹے واقعات ہورہے ہیں۔ ڈی آئی جی نے عوام سے کہاکہ وہ بھی پولیس کی مدد کریں۔ اگر کہیں کچھ جرائم ہورہے ہیں تو فوری اس کی ویڈیو گرافی کرکے ڈسٹرکٹ کنٹرول سنٹر کو Whatsapp سیل فون کی مدد سے بینڈ کرسکتے ہیں۔ آج کل ہر کوئی اسمارٹ فون استعمال کررہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ پٹرولنگ ٹیمیں پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں آنے والے علاقہ میں گشت کرتے رہیں گے۔ اطلاع ملتے ہی فوری مقام حادثہ پر پہونچنے میں دیر نہیں لگے گی۔ ڈی آئی جی نے کہاکہ اس طرح کی خدمات کا مرحلہ وار ضلع ورنگل میں دو ماہ میں تمام پولیس اسٹیشنوں میں خدمات کا آغاز کیا جائے گا۔ موٹر سیکل پٹرولنگ کی مدد سے جرائم کی روک تھام میں ضرور مدد ملے گی اور عوام کو چاہئے کہ وہ بھی پولیس کو فوری اطلاع دیں۔ پولیس اور عوام میں دوستانہ ماحول ہونا چاہئے۔ پولیس کا مقصد شہریوں کو جرائم سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے اس لئے پولیس کو عصری ٹیکنالوجی سیل کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ایس پی امبر کشور کے علاوہ دیگر پولیس عہدیداران موجود تھے۔ عوام ڈسٹرکٹ کنٹرول سنٹر کے ان سیل نمبرات پر معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔ 9492266470 ، 9492266403 اور 9440904666 مرحلہ وار سطح پر یہ خدمات 24 گھنٹے فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔