جرائم کی روک تھام کیلئے اقدامات

عادل آباد۔/8فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست میں پہلی مرتبہ مستقر عادل آباد کے تین پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں 15 ایسی گشتی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے جو رات کے اوقات میںاپنی ڈیوٹی کے دوران اسمارٹ فون میں ویڈیو گرافی کرتے ہوئے صبح کی اولین ساعتوں میں اس کو پولیس واٹس اپ پر محفوظ کریں گے۔ یہ بات ضلع ایس پی مسٹر ایم سرینواس نے مستقر عادل آباد کے پولیس سپرنٹنڈنٹ آفس میں میڈیا سے مخاطب ہوکر بتائی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی مسٹر لکشمی نارائنا، ون ٹاؤن سرکل انسپکٹر مسٹر ستیہ نارائنا، ٹو ٹاون پولیس سرکل انسپکٹر مسٹر وینکٹ سوری،موالا سرکل انسپکٹر مسٹر سرینواس بھی موجود تھے۔ پرہجوم میڈیا سے مخاطب ہوکر ضلع ایس پی نے کہا کہ جدید طرز سے رات کے اوقات میںپولیس گشت کی بناء پر جہاں ایک طرف جرائم پر قابو پایا جائے گا وہیں دوسری طرف پولیس کی خدمات پر بھی نظر رکھی جائے گی۔