جرائم کی روک تھام پولیس کا اولین فریضہ

غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں پر سخت نگاہ، ایس آئی لاوا کمار کی سیاست نیوز سے بات چیت
نیالکل /26 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایس آئی حدنور پولیس اسٹیشن لاوا کمار نے نمائندہ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے جرائم و حادثات کی روک تھام کے لئے خصوصی کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ نیالکل منڈل کو جرائم سے پاک کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ سب انسپکٹر حدنور پولیس اسٹیشن کی حیثیت سے ایک عرصہ تکمیل کے موقع پر انھوں نے کہا کہ سرقہ، قتل اور فرقہ وارانہ کشیدگی میں ملوث افراد کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا، جس میں عوام کا تعاون بہت ضروری ہے۔ انھوں نے 12 قتل اور 28 سرقہ کی واردات کا معمہ حل کرنے کا انکشاف کیا۔ حالات نشہ میں گاڑیوں کو چلانے والے افراد کو سخت ہدایت دی جا رہی ہے۔ نیالکل منڈل کے 32 مواضعات میں عوام کے تحفظ کے لئے پولیس جوانوں کو متعین کیا گیا ہے۔ پولیس اپنے فرض میں کوتاہی کے بغیر عوام کے ساتھ ہمدردانہ اور دوستانہ تعلقات رکھتے ہوئے غیر سماجی عناصر پر کڑی نظر رکھے گی، تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ شراب کے غیر قانونی کاروبار کو روکنے کے لئے پولیس متحرک ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اعلی عہدہ داروں کی ہدایت پر نیالکل میں سخت تاکید کے ساتھ پٹرولنگ کی جا رہی ہے۔ پولیس کی شعور بیداری مہم کے سبب کافی حد تک جرائم و حادثات میں کمی آئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے جو بھی مسائل ہیں، ان کی یکسوئی کے لئے فوری پولیس اسٹیشن سے رجوع کریں۔ ایس آئی لاوا کمار نے سیاست نیوز کو بتایا کہ ضلع ایس پی میدک کی ہدایت پر شام کے اوقات میں گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔ نمائندہ سیاست کی جانب سے فیروز احمد قتل کیس کے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس کیس کی تحقیقات اعلی سطح پر ہو رہی ہیں، بہت جلد قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اردو زبان شیریں زبان ہے اور اخبار سیاست اردو اخبارات میں کافی مقبولیت رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اردو زبان سیکھنے کی وہ خواہش رکھتے ہیں۔