سیف آباد ٹریفک پولیس ایڈیشنل کمشنر انیل کمار کا بیان
حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) ٹریفک پولیس سیف آباد کی جانب سے جرائم کی روک تھام میں بھی اہم رول ادا کرنے والے عملے کی ستائش کی گئی۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک مسٹر انیل کمار نے بتایا کہ یکم مئی کو سیف آباد ٹریفک پولیس اسٹیشن کی جانب سے حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم چلائی جارہی تھی جس میں ہیرو ہونڈا پیشن پر سوار ایک نوجوان برق رفتاری سے وہاں سے فرار ہوگیا۔ ٹریفک پولیس عملے نے اس تعاقب کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا جس کے دوران یہ معلوم ہوا کہ وہ مسروقہ گاڑی پر سوار ہے جس کے نتیجہ میں اسے لاء اینڈ آرڈر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ دوسرے واقعہ میں ریزروبینک آف انڈیا کے قریب ایک خاتون کی جانب سے بڑی رقم کو چلر کرانے میں مدد کرنے والی ایک خاتون کے پدما کے قبضہ سے 10 ہزار روپئے اڑالینے والے ایک نوجوان کو ٹریفک پولیس سیف آباد نے حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سمیر کمار متوطن اوڈیشہ نے پدما کے قبضہ سے نقد رقم اُڑا کر فرار ہونے والا تھا کہ ٹریفک کانسٹبل کے نریش نے حراست میں لے لیا۔ٹریفک ڈیوٹی انجام دینے والے ایک ہوم گارڈ ٹی رمیش نے انتہائی دیانتداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شیواجی برج پر برآمد ہونے والے موبائیل فون کو فون کے مالک دھننجے کے حوالے کیا۔ ٹریفک پولیس ملازمین کی جانب سے فرض شناسی پر ایڈیشنل کمشنر ٹریفک نے ان کی ستائش کی۔