مختلف مقامات پر پولیس کے دھاوے ، مشتبہ افراد گرفتار ، سی وی آنند کی نگرانی میں سخت اقدامات کا آغاز
حیدرآباد /17 جولائی ( سیاست نیوز ) نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کی ترقی اور خوشحال عوامی زندگی کیلئے ریاست میں امن ضروری ہے ۔ خوشحال اور پرامن ریاست میں سرمایہ کاری کو یقینی بنانے اور بیرونی سرمایہ داروں کو راغب کرنے کے اقدامات کا ریاستی حکومت نے آغاز کردیا ہے اور حیدرآباد سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں بین الاقوامی طرز کی پولیس سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس خصوص میں سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند نے اپنے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور ایسے علاقوں کی نشاندہی جاری ہے جہاں عادی سارقین ، پیشہ وار مجرمین جرائم پیشہ افراد کی کثرت رہتی ہے ۔ سائبرآباد پولیس کی ڈپٹی کمشنر کرائم جانکی شرمیلا کی قیادت میں بالانگر پولیس حدود میں آپریشن انجام دیا گیا ۔ رات دیر گئے پولیس نے بالانگر کے علاقہ سورام کا محاصرہ کرلیا ۔ پہلے اس علاقہ کے نقشہ سے اس کا اندازہ لگایا گیا اور تمام راستوں کو تقریباً اپنے محاصرہ میں لینے کے بعد پولیس نے علاقہ پر دھاوا بول دیا ۔ اس آپریشن میں پیٹ بشیرآباد بالانگر کے جرائم انسداد شعبہ کے علاوہ جوائنٹ کمشنر 20 انسپکٹران پولیس 50 سب انسپکٹرس اور تقریباً 200 پولیس عہدیداروں کا عملہ اس میں شامل تھا ۔ پولیس نے اس دھاوے میں 20 موٹر سائیکل 10 آٹو 10 پرانے پیشہ ورانہ افراد اور گیارہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جن کے تعلق سے تحقیقات جاری ہیں ۔ سورام کے علاقہ میں ایسے جرائم پیشہ افراد کی کثرت رہتی ہے جو دیگر ریاستوں سے یہاں نقل مقام کرکے روزگار کی تلاش میں آتے ہیں اور یہاں دوبارہ انہوں نے اپنی سرگرمیوں کو شروع کردیا ۔ بالانگر پولیس حدود کے علاقہ سورام میں اترپردیش ، بہار ، اڑیسہ ، بنگال ، جھارکھنڈ کے علاوہ دیگر ریاستوں سے آنے والے افراد چھوٹے چھوٹے کارخانوں اور فیاکٹریوں میں کام کرتے ہیں اور اپنے جرائم سے باز نہیں آتے ہیں ۔ پولیس کو یقین ہے کہ ایسے دھاوے اور کاروائیوں سے کسی بھی بڑی سازش اور جرائم کو روکنے میں آسانی ہوگی اور ایسے آپریشن کافی مددگار ثابت ہوں گے ۔ عوام اور عوامی املاک کا تحفظ جس وقت ممکن ہوگا اس وقت کسی ریاست یا ملک کی ترقی بھی یقینی ہوجائے گی ۔ امکان ہے کہ سائبرآباد پولیس کی جانب سے ایسی مزید کارروائیاں انجام دی جائیں گی ۔