محبوب نگر ۔ 26 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میں جرائم پر قابو پانے کیلئے سخت ترین اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ضلع یس پی وشوا پرساد نے اٹکیال پولیس اسٹیشن کے معائنہ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی تنازعات کے نتیجہ میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اس کی روک تھام کیلئے پولیس سب ڈیویژنس سطح پر فیملی کونسلنگ سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں اگرچیکہ ضلع میں جرائم کا فیصد کم ہے لیکن اچم پیٹ ، نارائن پیٹ اور کوڑنگل منڈلوں ، بھانامتی ، دفینوں کی تلاش جیسے جرائم کی نشاندہی کی گئی ہے اس پر قابو پانے کیلئے کلاجاتا ٹیم کے ذریعہ عوام میں شعور بیدار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے دیہاتوں میں جرائم کی روک تھام کیلئے تمام مواضعات میں کانسٹبل کا انتظام کیا جائیگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 170 کلو میٹر طویل نیشنل ہائی وے پر سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے انسپکٹر سے سروے کرواتے ہوئے حادثات کے مقامات کتور سے پلور تک نشاندہی کی جارہی ہے ۔ ہائی وے اتھاریٹی کے عہدیداروں سے ربط کرتے ہوئے ہائی وے کے جنکشن پر زائد روشنی کے انتظام کے علاوہ بارکیڈز بھی نصب کئے جائیں گے ۔ پریس کانفرنس میں ڈی ایس پی گدوال بالا کوٹی ، عالمپور سی آئی وینکٹیشورلو ، ایس آئی بھگونت ریڈی و دیگر موجود تھے ۔