کنیڈین شہری کے بینک اکاؤنٹ کی ہیکنگ
بینک ملازم کی کارستانی، 32لاکھ روپئے کی رقم نکال لی
حیدرآباد۔/21مئی، ( سیاست نیوز) کنیڈا کے باشندہ کا بینک اکاؤنٹ کی ہیکنگ کے ذریعہ 32لاکھ روپئے ہڑپنے والے بینک کے سابق ملازم کو سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس نے آج گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے بموجب بی رگھو کشور ریڈی جو آئی سی آئی سی آئی بینک انٹر نیشنل کا فون بینکنگ کا ملازم تھا اور اس نے نارائنا ایجوکیشنل گروپ کے ملازم چملی سرینواس کی مدد سے کنیڈا کے باشندہ فریرے کورٹارٹ کے بینک اکاؤنٹ سے 32لاکھ روپئے حاصل کرلئے اور انہیں ایک فرضی بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرتے ہوئے اس کا استعمال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 17مئی کو آئی سی آئی سی آئی ہیڈ آفس سے وابستہ اسسٹنٹ جنرل منیجر مسٹر روپیش ترویدی نے سائبرآباد پولیس کو ایک شکایت درج کرائی جس میں انہوں نے کہا کہ جاریہ سال 22اپریل کو مذکورہ کنیڈین باشندہ کے اکاؤنٹ سے 61ہزار451 کنیڈین ڈالرس غیر مجاز طور پر نکال لئے گئے۔ سائبرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا اور تکنیکی بنیاد پر بی رگھو کشور ریڈی کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے نقد رقم و دیگر اشیاء برآمد کرلی۔ پولیس نے بتایا کہ کشور ریڈی سابق میں اسی بینک میں فون بینکنگ ڈیویژن میں کام کرچکا ہے اور اس نے کنیڈین باشندہ کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اس کی ہیکنگ کی اور کے رمیش بابو کے نام پر فرضی اکاؤنٹ کھولا اور غیر مجاز رقم اس اکاؤنٹ میں منتقل کی۔پولیس نے مزید بتایا کہ رگھو کشور ریڈی کا تعلق وشاکھاپٹنم سے ہے اور پولیس نے اس کے قبضہ سے نقد رقم، طلائی زیورات، قیمتی موبائیل فون، ڈیبٹ و کریڈٹ کارڈز اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا جبکہ اس کیس کے اہم ملزم چملی سرینواس کی تلاش ہے۔
خاتون کی دو بچوں کے ساتھ حسین ساگر میں چھلانگ
گھریلو مسائل سے تنگ آکر انتہائی اقدام ، خاتون کو بچالیا گیا
حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) شہر میں پیش آئے ایک دلسوز واقعہ میں ایک خاتون نے اپنے دو کمسن بچوں کے ساتھ حسین ساگر میں چھلانگ لگادی ۔ خاتون تو بچ گئی لیکن اس کے دو کمسن غرقاب ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وارث گوڑہ کے ساکن وجئے کمار اگروال کی بیوی شیویتا اگروال نے یہ اقدام کیا ۔ جس میں اس کے دو کمسن بچے 6 سالہ لڑکی خوشی اگروال اور تین سالہ لڑکا سائیشو اگروال غرقاب ہوگئے ۔ خاتون نے جو گھریلو مسائل سے پریشان تھی ۔ پہلے اپنے دو کمسن بچوں کو سنگ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانی میں ڈھکیل دیا اور خود چھلانگ لگادی ۔ پولیس کی بروقت چوکسی نے اس خاتون کو مرنے سے بچالیا ۔ لیکن دو کمسن بچوں کو بچا نہ سکے ۔ آر جی پیٹ پولیس کے مطابق شویتا اگروال نے یہ اقدام رات دیر گئے کیا اور کل چلکل گوڑہ میں وجئے کمار اگروال نے اپنی بیوی اور بچوں کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق شویتا اگروال مشترکہ خاندان میں زندگی بسر کرنا نہیں چاہتی تھی اور وہ اس سے پریشان تھی ۔ مشترکہ خاندان کے سبب گھر میں مسائل پیدا ہو رہے تھے ۔ جس سے تنگ آکر اس نے انتہائی اقدام کیا ۔ شیوتا کا مائیکہ ضلع میدک بتایا گیا ہے ۔ وہ سداشیوپیٹ کے ساکن کنٹال چند اگروال کی بیٹی تھی ۔ شیوتا اور وجئے کی شادی سات سال قبل ہوئی تھی ۔ آر جی پیٹ پولیس نے کیس کو چلکل گوڑہ پولیس کے حوالے کردیا ہے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
فرضی بینک اکاونٹ کے ذریعہ دھوکہ دہی کا انکشاف
حیدرآباد 21 مئی (سیاست نیوز )کریڈٹ کارڈ اکاونٹ سے چھیڑ چھاڑ اور فرضی بینک اکاونٹ کے ذریعہ دھوکہ دینے والی بین ریاستی تین رکنی ٹولی کو کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 38 سالہ انشول تھاپڑ متوطن پنجاب اپنے دو ساتھیوں کے گوردھن متوطن چتور جو سابق فوجی ہے 40 جئے نارائن سیسوڈیہ متوطن دہلی کی مدد سے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مذکورہ ملزمین کو سابق میں سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے انہیں اے ٹی ایمس کے ذریعہ غیر مجاز طور پر 38 لاکھ روپئے ہڑپنے پر مقدمہ درج کیا تھا اور یہ کیس زیر التواء ہے ۔ گرفتار شدہ ملزمین سابق میں نئی دہلی، لدھیانہ کے علاوہ ریلوے پولیس سکندرآباد نے انہیں دھوکہ دہی میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا تھا ۔ حالیہ دنوں میں ان دھوکہ بازوں نے پنجاب ،کرناٹک ،مغربی بنگال اور ٹاملناڈو کے ایچ ایس بی سی کے بینک گاہکوں کے اکاونٹس کوہائی جیک کرتے ہوئے 9 لاکھ روپئے ہڑپ لئے تھے اتنا ہی نہیں ملزمین نے ریاست کے کئی بینکوں میں 90 فرضی اکاونٹس کھولے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ٹولی کا سرغنہ انشول تھاپر ہے اور وہ کریڈٹ کارڈ کا خفیہ ڈاٹا حاصل کر تے ہوئے بڑی چالاکی سے غیر مجاز طور پر رقومات اور بھاری اشیاء کی شاپنگ کیا کرتا تھا ۔ٹاسک فورس نے گرفتار ملزمین کو پنجہ گٹہ پولیس کے حوالے کردیا اور ان کے قبضہ سے 65 ڈیبٹ کارڈ ،3 کریڈٹ کارڈ 31، جعلی ووٹر شناختی کارڈ،34 پیان کارڈس ،65 چیک بکس اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔
ٹرانسفامر کائلس کا سرقہ ،نو رکنی ٹولی گرفتار
حیدرآباد 21 مئی (سیاست نیوز )برقی ٹرانسفارمر کے کائلس کے سرقہ میں ملوث 9 رکنی ٹولی کو سائبر آباد پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 49 سالہ سارنگی وینکٹیش عرف مکندم ضلع رنگا ریڈی ،میدک ،نلگنڈہ کے علاوہ حیدرآباد و سائبر آباد میںنصب کئے ہوئے برقی ٹرانسفارمرس سے قیمتی کائلس کا سرقہ کیا کرتا تھا ۔ تفتیش کے دوران وینکٹیش نے یہ انکشاف کیا کہ اس نے اب تک 92 ٹرانسفارمرس کے کائلس کے سرقہ میں ملوث ہے ۔ وینکٹیش کا تعلق ضلع محبوب نگر سے ہے اور وہ 18 سال کی عمر سے ہی ٹرانسفارمرس کے کائلس کا سرقہ کیا کرتا تھا ۔ مذکورہ ملزم اپنی دوسری بیوی سورنا کی مدد سے مذکورہ مقامات کا دن کے اوقات جائزہ لیتے ہوئے رات دیر گئے ٹرانسفارمر کو توڑ کر اس میں موجود قیمتی کاپر کائلس کا سرقہ کیا کرتا تھا ۔ ٹولی کے سرغنہ وینکٹیش نے گذشتہ چار ماہ میں کئی ٹرانسفارمرس سے کائلس کا سرقہ کیا ہے ۔ پولیس نے اس ٹولی کے دیگر ارکان ایس انجنیلو ،ایس رامو ،جی ایشور ،اے سرینواسلو ،کے ہری پرساد ،وی وینکٹیش ،وی دیاکر اور اس کی بیوی سی سورنا کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضہ سے آٹو ٹرالی ،ٹی وی ایس ایکسل موٹر سائیکل اور 250 کیلو مسروقہ کاپر کائلس جس کی قیمت 8 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے برآمد کرلئے ۔
ٹووھیلرس کے سارقین کی ٹولی گرفتار
حیدرآباد۔/21مئی، ( سیاست نیوز) شہر کے مختلف مقامات میں ٹو وہیلر گاڑیوں کے سرقہ میں ملوث تین رکنی ٹولی کو کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر بی لمبا ریڈی کے بموجب 19سالہ ڈی مانیکم اپنے دو ساتھیوں 25سالہ کے شیوا اور 20سالہ پی سائی کرن کی مدد سے حیدرآباد و سائبر آباد میں ہیروہونڈا پیشن موٹر سیکلس کو نشانہ بناتے ہوئے ان کا سرقہ کیا کرتے تھے۔ ٹاسک فورس پولیس نے مذکورہ تین سارقین کو موسی رام باغ برج کے قریب اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ مسروقہ موٹر سیکل پر مشتبہ طور پر گھوم رہے تھے۔ تفتیش میں تینوں نے سرقہ میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا اور پولیس نے ان کے قبضہ سے 10مسروقہ موٹرسیکلیں برآمد کرتے ہوئے انہیں ملک پیٹ پولیس کے حوالے کردیا۔
دو افراد کی خودکشی
حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) ایس آر نگر اور معین آباد علاقوں میں پیش آئے دو علحدہ واقعات میں دو افراد نے زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ ایس آر نگر پولیس کے مطابق 13 سالہ پرشانت ریڈی جو بورا بنڈہ کا ساکن تھا پیشہ سے تاجر بتایا گیا ہے ۔ اس نے کل رات دیر گئے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ معین آباد پولیس کے مطابق 25 سالہ راجو جو حمایت ساگر کے ساکن کنڈایا کا بیٹا تھا ۔ اس نے 19 مئی کے دن نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق راجو حالت نشہ میں تھا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج آج اس کی موت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔
ملاوٹی سونے کے زیورات فروخت کرنے والے 9 افراد گرفتار
حیدرآباد 21 مئی (سیاست نیوز )دھوکہ دہی کے ذریعہ ملاوٹ شدہ سونا فروخت کرنے والے 9 ملزمین کو نریڈ میڈ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ٹولی کے سرغنہ پی جناردھن چاری ساکن کرمن گھاٹ سرور نگراپنے قریبی ساتھی واسو دیو کی مدد سے سونے کے ملاوٹ شدہ زیورات فروخت کررہا تھا ۔ پولیس کے بموجب جناردھن چاری کا تعلق ضلع نلگنڈہ سے ہے اور وہ ملاوٹ شدہ سونے کے زیورات بنانے میں ماہر ہے سابق میں اسے ایل بی نگر پولیس نے گرفتار کیا تھا جہاں پر اس کی ملاقات واسو دیو سے ہوئی اور دونوں نے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد ملاوٹ شدہ سونے کے زیورات فروخت کرنے کی غرض سے تین خواتین بشمول ٹی وی آرٹسٹ کو اس ٹولی میںشامل کیا ۔ گرفتار شدہ ٹولی نے حیدرآباد و سائبر آباد میں 55 مقامات پر 40 لاکھ 36 ہزار مالیتی ملاوٹ شدہ سونے کے زیورات فروخت کئے ہیں ۔ نریڈ میڈ پولیس نے جناردھن چاری اور واسو دیو کے علاوہ سری رام داس راجو ،ٹی ارون ادتیہ ،آر پربھاکر ،انا پورنا پریجاتم ،منی رانی روپا ، ٹی وی آرٹسٹ جے سروجنی دیوی اور پی سامبا شیوا کوگرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 122 ملاوٹ شدہ سونے کے چوڑیاں برآمد کی ہے ۔
طلائی چین چھیننے والا رہزن گرفتار
حیدرآباد 21 مئی (سیاست نیوز ) خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے گلے سے طلائی چین کا سرقہ کرنے والے ایک خطرناک رہزن کو کشائی گوڑہ پولیس نے آج گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب 43 سالہ ایم سنتوش متوطن ناندیڑ مہاراشٹرا اپنے ساتھی مدھیہ پردیش کے مقیم انیل پانچی کی مدد سے سائبر آباد میں 33 طلائی زیورات کی رہزنی کی تھی ۔ سنتوش کا تعلق مہاراشٹرا سے ہے اور وہ اپنے ساتھی انیل کی مدد سے سال 2012 میں ضلع میدک کے چیگنٹہ ،رامائم پیٹ ،دورارم پولیس اسٹیشن حدود میں سلسلہ وار سرقہ کی وارداتیں انجام دی تھی جس پر انہیں گرفتار کر کے سنگاریڈی جیل بھیج دیا گیا تھا ۔ ضمانت پر رہا ہونے کے بعد جاریہ سال جنوری سے مذکورہ رہزنوں نے سائبر آباد کے علاقہ کشائی گوڑہ، الوال ،کیسرا ،ملکاجگیری ،نریڈ میڈ اور ونستھلی پورم میں رہزنی کی تھی اور پولیس نے اس کے قبضہ سے 312 گرام طلائی زیورات برآمد کرلئے جبکہ اس کے ساتھی انیل پانچی کی پولیس کو تلاش ہے ۔
ایک شخص کی خودسوزی
حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) چلکل گوڑہ کے علاقہ میں ایک شخص نے خودسوزی کرلی ۔ پولیس کے مطابق 41 سالہ پرساد جو سفیل گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ اس نے کل اپنے جسم پر کیروسن ڈال کر آگ لگالی جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج رات دیر گئے وہ فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
پٹریاں عبور کرنے کے دوران ایک شخص ہلاک
حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) ریلوے پولیس کاچی گوڑہ حدود میں پیش آئے ٹرین حادثہ میں ایک نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس کے مطابق 60 سالہ نامعلوم شخص جو یاقوت پورہ اور اپوگوڑہ کے درمیان ریلوے لائین کو عبور کرنے کی کوشش میں تھا ۔ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
خاتون جھلس کر فوت
حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) پکوان کے دوران مشتبہ طور پر جھلس جانے والی ایک خاتون کی آج موت ہوگئی جو گذشتہ روز اپنے مکان میں جھلس گئی تھی ۔ ڈوما پولیس کے مطابق 25 سالہ کے لنگااماں جو ساجو پلی ضلع رنگاریڈی کے ساکن ویکٹیا کی بیوی تھی ۔ گذشتہ روز پکوان کے دوران جھلس گئی تھی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔
بیوی سے جھگڑے کے بعد شوہر کی خودکشی
حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) سسرال میں بیوی سے جھگڑے کے بعد دلبرداشتہ ایک شخص نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ الوال پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 25 سالہ کے نرسنگ راؤ نے 18 مئی کے دن انتہائی اقدام کیا ۔ اس نے سسرال سے لوٹنے کے بعد نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا اور اس کی آج علاج کے دوران موت ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق نرسنگ راؤ کی بیوی اپنے مائیکے میں تھی اور وہ اس سے ملاقات کیلئے گیا تھا اور اس دوران میاں بیوی میں جھگڑا ہوا نرسنگ راؤ فوری اپنے گھر آگیا اور اس نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
ڈرائیور کو دھوکہ دے کر کار سرقہ کرنے والا گرفتار
شمس آباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ میں کار ڈرائیور کو دھوکہ دے کر انووا کار کا سرقہ کرنے والا سارق گرفتار ہوگیا ۔ شمس آباد آر جی آئی انسپکٹر درگا پرساد کے بموجب پرشوتم پانڈے 40 سالہ ساکن ڈی ایل ایف کوارٹرس اولڈ مہابلی پورم چینائی متوطن اعظم آباد اترپردیش بنگلور سے انووا کار حیدرآباد ایرپورٹ تک کرایہ پر حاصل کیا ۔ کار کے مالک ہمنت خود کار میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ 6 ستمبر 2012 کو پرشوتم پانڈے کے ساتھ آیا ۔ پرشوتم پانڈے نے ہنمنت ڈرائیور سے کہا کہ ایرپورٹ پر اس کے رشتہ دار اس سے ملاقات کے لیے آنے والے ہیں جن کا وہ وہیں انتظار کرے گا جب تک وہ ایل بی نگر جاکر جو اس نے پتہ دیا تھا وہاں سے وہ خط لے کر آئے ۔ ڈرائیور کو پرشوتم نے کیابس میں روانہ کردیا ۔ ڈرائیور ایل بی نگر جاکر واپس آیا تو دیکھا کہ کار اور پرشوتم دونوں ایرپورٹ سے غائب تھے جس کے بعد اس نے شمس آباد آر جی آئی پولیس میں شکایت درج کرائی ۔ شمس آباد آر جی آئی پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ پرشوتم پانڈے کے قبضہ سے انووا کار ضبط کرلی ۔۔
خاتون ڈاکٹر کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ
حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) مادھاپور پولیس نے ایک خاتون ڈاکٹر کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے ٹیم لیڈر کی موت پر پولیس نے یہ کارروائی کی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 34 سالہ پی گنیش جو جنپاک کمپنی میں ٹیم لیڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا تھا ۔ کل اس نے اچانک اپنے سینے میں تکلیف کی شکایت کی جس کو فوری طور پر ایک کارپوریٹ ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا ۔ جہاں ڈاکٹر وجئے لکشمی نے اس کی جانچ کے بعد مرض کو معمولی قرار دیا اور کہا کہ گیسیس کی وجہ سے اکثر ایسی شکایت ہوتی ہے ۔ لہذا خوف کی کوئی بات نہیں ۔ تاہم کچھ دیر بعد اسی ہاسپٹل سے وابستہ ایک اور ڈاکٹر نے گنیش کو دیکھا اور کہا کہ ذرا بھی لاپرواہی کی گئی تو مریض کو پریشانی ہوگی اور خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ۔ اس بات کو سن کر مریض کے ساتھی اور رشتہ دار پریشان ہوگئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکٹر رامچندر نے یہ بات کہی تھی ۔ جس کے تھوڑی دیر بعد گنیش فوت ہوگیا ۔ پولیس نے شکایت حاصل ہونے کے بعد مقدمہ درج کرلیا ہے۔