بیدر میں حج تربیتی کیمپ سے جناب رحیم خاں کا خطاب
بیدر۔30؍اگست ۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ بیدر کی تاریخی جامع مسجد میں جناب محمد رحیم خان سابق رکن اسمبلی بیدر و نائب صدر خادم الحجاج ضلع بیدر کی جانب سے بیدر ضلع کے عازمین ِ حج کے آخری عظیم الشان حج تربیتی کیمپ کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد رحیم خان سابق رکن اسمبلی بیدر نے کہا کہ صاحبِ استطاعت ہر مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ حج فرض ہے۔ انھو ںنے حضرت ابراہیم خلیل اُللہ ؑ اور اسمعیل ذبیح اُللہ ؑ کے جذبہ قربانی کو دلوں میں قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حاضرین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اولاد کو دینی تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں ۔جناب محمد رحیم خان سابق رکن اسمبلی بیدر نے عازمینِ حج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ 11سال سے حج تربیتی پروگرام میں اللہ کی رضا کیلئے خدمات انجام دیتا آرہا ہوں اور آخری سانسوں تک خدمات جاری رکھوں گا۔ انھوں نے کہا کہ حاجی حج کے بعد کی زندگی کو نماز اور عبادات کے ساتھ ساتھ حقوق العباد پر بھی عمل کرنے کی بات کہی ۔انھو ںنے انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر کے رکن و بیدر سٹی کانگریس کمیٹی کے صدرجناب الحاج غلام متین سیٹھ کی بال بال مغفرت کیلئے مقاماتِ مقدسہ پر خصوصی دعائیں کرنے کی گزارش کی ۔ علامہ سید شاہ قاضی اعظم علی صوفی صدر کُل ہند جمعیۃ المشائخ تلنگانہ و آندھراپردیش حیدرآباد نے بیدر ضلع کے عازمینِ حج2015کے آخری عظیم الشان حج تربیتی کیمپ کو مُخاطب کرتے ہوئے روانگی سے واپسی تک کے مسائل 8؍ذی الحجہ تا12ذی الحجہ کے تمام ارکانِ حج کی تربیت دی اور بتایا کہ ایک حاجی کا لباس دو چادروں پر مشتمل احرام ہوتا ہے لیکن اس لباس کے پیچھے بے شمار مصلحتیں پوشیدہ ہیں جن میں سب سے نمایاں ہے کہ اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہونے کیلئے عجز و انکساری کا مُظاہرہ کرنا ہے اور دوسرا یہ کہ انسان کو ان کی موت کی یادلانا وغیرہ ۔شہ نشین پر مولانا سید شاہ مصطفی علی صوفی سعید قادری ‘مولانا یوسف صوفی قادری ظہیرآباد‘الحاج محمد لئیق الدین ایڈوکیٹ سابق رکن اسمبلی بیدر‘ حافظ محمد عتیق الرحمن رشادی‘ محمد ارشاد علی پہلوان ‘محمد غوث قریشی شریکِ معتمد انجمن‘جناب محمد ابراہیم سابق رکن بلدیہ جناب سید صغیر احمد نائب صدر انجمن خادم الحجاج ضلع بیدرموجود تھے ۔ تربیتی کیمپ کا آغاز حافظ محمد عتیق الرحمن رشادی حج ٹرینرکرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کی قراء تِ کلام پاک سے ہوا ۔جناب سید صغیر احمد نے نعت ِ رسولؐ کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔نائب صدر انجن دوم و داعی جلسہ جناب محمد رحیم خان کے بھائی جناب عزیز خان اپنی ٹیم کے ساتھ انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔جناب سید منصور احمد قادری انجینئر انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر نے نظامت کے فرائض بحسن خوبی انجام دئیے اور انہی کے اِظہارِ تشکر پر تربیتی کیمپ اختتام عمل میں آیا ۔