یلاریڈی حلقہ میں سب سے زیادہ گندھاری پر پنچایتیں
یلاریڈی ۔ 13 ۔ فروری : ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) : جدید گرام پنچایتوں کو تشکیل دئیے جانے کا پہلا مرحلہ شروع ہوچکا ہے ۔ جس سے تانڈے مواضعات پنچایتوں میں بدلنے والے ہیں ۔ گریجنوں کو خاص کر علاقوں کی ترقی کی غیر معمولی آس لگی ہے ۔ حلقہ یلاریڈی کے جملہ سات منڈلوں میں موجود 115 گرام پنچایتوں کے ساتھ جدید 97 ، گرام پنچایتوں کا اضافہ ہونے جارہا ہے ۔ 500 عوام آبادی رکھنے والے علاقوں ، گریجنوں کے تانڈوں کو اب جدید گرام پنچایتوں کی حیثیت دی جائے گی ۔ سب سے زیادہ منڈل گندھاری میں موجود 19 گرام پنچایتوں کے علاوہ اور 31 جدید گرام پنچایتیں تشکیل دئیے جانے کی امید ہے ۔ اس لحاظ سے منڈل گندھاری میں ایک گرام پنچایت میں کم از کم چھ جدید گرام پنچایت بنائے جانے کی رپورٹ تیار کی گئی ہے ۔ بورگل پنچایت حدود میں جدید چار گرام پنچایت اور چدمل میں ایک ، درگم میں چھ ، گندھاری میں دو ، گنڈویٹ میں ایک ، گودارم میں ایک گرجال میں تین ، ماتو سنگم میں دو ، مدپلی میں ایک ، تیرل میں ایک بٹ سنگم میں دو ، پوتنگل میں ایک ، سیتائی پلی میں دو ، وینکٹا پور ، تانڈا میں ایک ، وجاپلی میں ایک ، اور یاچارم میں تین جدید گرام پنچایتوں کا قیام عمل میں لایا جانے والا ہے ۔ جدید گرام پنچایتوں کی تشکیل کی خبر سے گریجن عوام ایک طرف خوش ہورہی تو دوسری طرف فکر مند بھی ہے کہ پنچایت سکریٹریز کہاں ہیں ۔ جب کہ 19 گرام پنچایتوں کیلئے گندھاری منڈل میں صرف سات پنچایت سکریٹریز موجود ہیں ۔ ایک سکریٹری کو تین ، تین پنچایتوں کا انچارج بنایا گیا ہے ۔