جدہ میں مینگو فیسٹیول کا انعقاد

حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : انڈیا عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن کے زیر اہتمام جدہ میں ’ مینگو فیسٹیول ‘ کا اہتمام کیا گیا جس کی این آر آئیز نے ستائش کی ۔ انڈیا فورم جدہ اور انڈیا عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن کے مشترکہ اشتراک اور قونصل خانہ انڈیا کے تعاون سے انعقاد کردہ مینگو فیسٹیول کامیاب رہا ہے ۔ جس میں 33 اقسام کے آموں کی نمائش کی گئی ۔ اس موقع پر اہتمام کردہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر انڈیا عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن مسٹر جابر پٹیل نے کہا کہ ہندوستان اور عرب ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ کرنے اور عوام کے دلوں کو جوڑنے کے لیے انہوں نے جدہ میں مینگو فیسٹیول کا اہتمام کیا ہے ۔ وہ امید کرتے ہیں یہ مینگو فیسٹیول ہند عرب کے تجارتی تعلقات کو مضبوط و مستحکم کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا ۔ انہوں نے مینگو فیسٹیول کو کامیاب بنانے پر انڈیا فورم منیجنگ کمیٹی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال 300 اقسام کے آموں کے ساتھ بڑے پیمانے پر مینگو فیسٹیول کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اس موقع پر جابر پٹیل نے اپنے والد صابر پٹیل کی آموں میں دلچسپی اور انہیں حاصل کردہ ایوارڈس پر بھی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر مینگو کوئیز ، مینگو سویٹ ڈش مقابلہ ، فینسی ڈریس کے علاوہ دوسرے مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ کارگذار قونصل جنرل و ڈائرکٹر انڈیا فورم مسٹر محمد شاہد عالم نے مینگو فیسٹیول کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا ۔ انڈیا فورم جدہ کے صدر مسٹر اعجاز احمد خاں نے مینگو فیسٹیول کی کامیابی پر تعاون کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا ۔ مسز ثنا خاں اینکر و جرنلسٹ زی ٹی وی مسٹر آنند کمار کونسلر قونصل سیکشن ڈاکٹر نور الحسن ڈاکٹر ارشاد احمد کے علاوہ دیگر نے بحیثیت مہمان شرکت کی ۔ فورم کے جنرل سکریٹری ایوب کلیم نے خیر مقدم کیا ۔ ذکریا بلاڈی نے اظہار تشکر کیا ۔۔