ایم اے حسیب
مملکت سعودی عرب میں ہندوستانی باشندے پوری دیانتداری ، دلجوئی ، تندہی اور باوقار انداز میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ پیشہ وارانہ ماہرین تاجرین و صنعت کاروں سے لے کر ایک عام ورکر کی حیثیت سے ہندوستانی شہری جہاں اپنے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کا باعث بنے ہوئے ہیں وہیں سعودی عرب کی ہمہ جہت ترقی میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی تارکین وطن خاص کر آندھرا پردیش و تلنگانہ سے تعلق رکھنے والوں میں روزنامہ سیاست اور سیاست میڈل ایسٹ ویکلی کافی مقبول ہیں ۔ دیار غیر میں سیاست کے مطالعہ کے ذریعہ تارکین وطن کو اپنوں سے ملاقات کا احساس ہوتا ہے انھیں سیاست کے توسط سے حیدرآباد کے بشمول ہندوستان کے چپے چپے کی خبریں ملتی ہیں ۔ تارکین وطن سیاست کے مطالعہ سے ہندوستان میں ہونے والی تبدیلیوں ، حکومتوں ، وزراء ، سیاستدانوں ، سماجی تنظیموں ، سماجی جہد کاروں ، پیشہ ورانہ ماہرین کی سرگرمیوں سے بھی اچھی طرح واقف ہوتے ہیں ۔ سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن سیاست اور ایڈیٹر سیاست کی قومی و ملی خدمات سے بھی اچھی طرح واقف ہیں ۔ان میںاس بات کیلئے بہت زیادہ خوشی اور اطمینان پایا جاتا ہے کہ روزنامہ سیاست مسلمانوں اور محروم طبقات کی سیاسی ، تعلیمی اور سماجی سطح پر بہتر انداز میں رہنمائی کا حق ادا کرتا ہے ۔ ملت کی تعلیمی ومعاشی ترقی کیلئے ایک طرح سے اس نے اپنے آپ کو وقف کردیاہے ۔ انڈین یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن سعودی عرب میں ہندوستانی تارکین وطن کی نمائندہ تنظیموں میں سے ایک ہے ۔
حال ہی میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے عمرہ کی ادائیگی اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب کا دورہ کیا ، اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے انڈین یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن اور سعودی عرب کے ممتاز تاجرین و صنعت کاروں نے ان کی قومی و ملی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں تہنیت پیش کی اور قومی ، ملی ، انسانی خدمات بالخصوص ہندوستان میں قومی یکجہتی کے فروغ میں ان کے غیر معمولی کردار کی ستائش کرتے ہوئے ایوارڈ بھی پیش کیا ۔ دیوانیہ جدہ میں اتوار کی شب اس ضمن میں ایک خصوصی اور متاثرکن تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس میں 50 سے زائد سعودی صنعت کاروں و تاجرین نے بھی شرکت کی اور جناب زاہد علی خان سے ہند ۔ سعودی باہمی تعلقات اور دونوں ممالک میں تجارتی مواقع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ انڈین یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن کی جانب سے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان کو اردو صحافت ، قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں خدمات پر زبردست تہنیت پیش کی گئی ۔ تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیتوں کی کثیر تعداد شریک رہی ۔ جناب زاہد علی خان کا تعارف کرواتے ہوئے انڈین یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری میر غضنفر علی ذکی نے کہا کہ جناب زاہد علی خان کی زندگی قوم و ملت کی خدمت سے عبارت ہے ۔ انھوں نے ہمیشہ غریبوں ، محتاجوں ، مظلوموں ، ضرورت مندوں کیلئے مختلف شعبوں میں مواقع پیدا کرتے ہوئے کئی سنگ میل پار کئے ۔ غریبوں کی زندگیوں میں خوشحالی لائی ، ضرورت مند ہونہار طلبا وطالبات کی مدد کرتے ہوئے انھیں اپنے خاندانوں کے لئے خوشحالی کا ذریعہ بنایا نہ صرف حیدرآباد بلکہ ہندوستان کے مختلف مقامات پر تعلیمی و تربیتی اداروں کا جال پھیلاتے ، سماجی و اصلاحاتی پروگرامس شروع کرتے ہوئے مسلمانوں میں ایک صحتمندانہ انقلاب برپا کردیا ۔
مسلمانوں میں حکومتوں کی اسکیمات سے استفادہ کا شعور بیدار کرنے میں سب سے آگے رہتے ہوئے مسلمانوں کو یہ پیام دیا کہ حصول حق کے لئے جد و جہد کرنی پڑتی ہے ، حق محنت اور جستجو سے حاصل ہوتا ہے ۔ جناب زاہد علی خان نے اپنے والد بانی سیاست جناب عابد علی خان مرحوم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملت میں ایک تعلیمی انقلاب برپا کردیا ۔ مسلم نوجوانوں کو محکمہ پولیس میں ملازمتوں کیلئے تیار کرکے سارے ہندوستان کے مسلم اکثریتی علاقوں میں رہنے والوں کو ایک بہتر پیام پہنچایا ۔ انھوں نے معاشرہ کو شادی بیاہ میں بیجا اسراف سے بچانے کیلئے اپنے اخبار کو ایک تحریک میں تبدیل کردیا ۔ اپنی دیانتداری ، مشفقانہ رویہ ، بااعتماد اقدامات ، دانشمندانہ سوچ و فکر ، خدمت خلق کا پاکیزہ جذبہ و جوش ، ایثار کے ذریعہ زاہد علی خاں صاحب نے دوسروں کیلئے ایک مثال قائم کی ہے اور اپنے مشن کے قواعد و ضوابط اور اخلاقی اقدار کے تئیں ان کا موقف ہمیشہ سخت رہا ہے ۔ اور اس ضمن میں انھوں نے حالات سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ۔ جناب زاہد علی خان کی زندگی اُن لوگوں کیلئے ایک مثال ہے جو بامعنی زندگی گذارنے کے خواہاں ہو ۔ انھوں نے جہاں ایک صحافی کی حیثیت سے مظلوموں کی مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی وہیں قومی یکجہتی کونسل کے رکن کی حیثیت سے بھی ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے سخت موقف اختیار کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی جناب خالد اے الفوزان نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب تہذیبی و برادرانہ تعلقات کی ایک طویل تاریخ رکھتے ہیں ۔
سعودی عوام کے اذہان و قلوب میں ہندوستانی تہذیب اور عوام کے لئے ایک خصوصی جگہ ہے اور انھیں جناب زاہد علی خان سے ملاقات کرتے ہوئے کافی خوشی ہوئی ہے ۔ تہنیتی تقریب سے خطاب میں حسام القحطانی عماد الھدیب نے بھی ایڈیٹر سیاست کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہند ۔ سعودی تعلقات کو بہتر بناے میں روزنامہ سیاست اہم رول ادا کررہا ہے ۔ ان شخصیتوں کے خیال میں سعودی عرب کے صنعت کاروں نے حیدرآباد میں بھی اپنے دورہ کے موقع پر ایڈیٹر سیاست سے ملاقات کی تھی اور پھر ایک مرتبہ انھیں ہندوستان کی اس باوقار شخصیت سے ملنے کا موقع ملا ہے ۔ اپنے جوابی خطاب میں جناب زاہد علی خان نے کہا کہ آج وہ جو کچھ ہیں یہ سب اللہ کا فضل ہے اور میں بھی آپ لوگوں کی طرح ایک سادہ سیدھا شخص ہوں ۔ میرا ایقان ہے کہ ہر انسان کو علوم کی ترویج و اشاعت روزگار کے مواقع پیدا کرنے نئے وسائل کی تلاش کے ساتھ ساتھ سماجی ، تجارتی اور سیاسی شعبوں میں اخلاقی اقدار کے فروغ کی کوشش کرنی چاہئے ۔ سعودی تاجرین و صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیٹر سیاست نے پرزور انداز میں کہا کہ نئی تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع ہیں ایسے میں وہ صنعت کاروں و سرمایہ کاروں اور ان دونوں ریاستی حکومتوں کے درمیان ایک پل کی طرح خدمات انجام دینے کا پیشکش کرتے ہیں ۔ انھوںنے یہ بھی کہا کہ شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد اسلامی تہذیب و آثار کا نمونہ شہر ہے ۔ یہاں کی تاریخی عمارتیں اسلامی فن تعمیر کی شاہکار مانی جاتی ہیں ۔
اس شہر سے مسلمانوں کی عظمت جھلکتی ہے ایسے میں وہ سعودی عوام سے کہنا چاہیں گے کہ وہ حیدرآباد آئیں ، یہاں کے تاریخی آثار کا مشاہدہ کریں ۔ایڈیٹر سیاست کی تہنیتی تقریب میں بحرین قونصل جنرل برائے سعودی عرب ابراہیم مسلمانی ، قونصل جنرل قطر حمیس بن ابراہیم المھنندی اور قونصل جنرل متحدہ عرب امارات احمدماغوش کے علاوہ ممتاز شخصیتوں ڈاکٹر ارشاد احمد قونصل (پریس ، انفارمیشن اینڈ کلچر) ایس آر ایچ فہمی قونصل (کمرشل) این پی سنگھ نائب قونصل (حج) ، انوپ سنگھ نائب قونصل (لیبر) قونصل جنرل حکومت ہند جدہ ، حسین محمد الشریف ، اسمعیل سیف الدین ، فاضل محمد ذکریا ، محمد ایوب اسمعیل ، ایاز بن شبیی ، علی بن سعید الکتمی اور انڈین یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن کے چیف کوآرڈینیٹر مزمل حسین نے شرکت کی ۔ ساتھ ہی سعودی تاجرین ، ممتاز سماجی شخصیتوں آئی وائی ڈبلیو اے اور آل سینٹس اولڈ بوائز جدہ کے نمائندوں نے بھی اپنی شرکت کے ذریعہ تقریب کو کامیاب بنایا ۔ آئی وائی ڈبلیو اے کے میڈیا کوآرڈینیٹر سید باقر نے آخر میں شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جناب زاہد علی خان امن و ہم آہنگی کی مثال ہیں جنھوں نے اردو زبان کے فروغ میں نمایاں رول ادا کیا ہے اور کررہے ہیں ۔ امید ہیکہ وہ ہند ۔ سعودی تعلقات کو مستحکم بنانے میں بھرپور رول ادا کریں گے ۔