بیٹے نظرانداز کرنے کی شکایت، آٹو میں سماعت، بیٹوں کو تنبیہ
حیدرآباد۔/25اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے ضلع کھمم میں ایک سیول جج نے مقدمہ کی سماعت آٹو میں کرتے ہوئے ہمدردی کی ایک مثال قائم کردی۔ چلنے سے معذور شخص کے مقدمہ کی آٹو میں بیٹھ کر سماعت کی۔ تفصیلات کے مطابق 71 سالہ شخص رنگا راؤ جو موضع رایاگڑما عدالت میں درخواست داخل کرتے ہوئے شکایت کی کہ اس کے بیٹے اسے نظر انداز کررہے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہے۔ عدالت کی جانب سے بزرگ شخص کے دونوں بیٹوں کو نوٹس جاری کی گئی اور آج معاملہ کی سماعت مقرر کی تھی ۔ رنگاراؤ آٹو میں احاطہ عدالت پہنچا اور اس کا پاؤں ٹوٹا ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ مجسٹریٹ کے اجلاس میں پیش ہونے سے قاصر تھا۔ اطلاع ملنے پر سینئر سیول جج کے ونود کمار خود آٹو کے پاس پہنچے اور آٹو میں بیٹھ کر بزرگ کے مقدمہ کی قریب ایک گھنٹے تک سماعت کی اور اس کے بیٹوں کو بھی وہیں طلب کیا۔ رنگا راؤ نے فاضل مجسٹریٹ کو بتایا کہ اس کے بیٹے اسے نظرانداز کررہے ہیں جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہے۔ مجسٹریٹ نے بیٹوں کو ڈانٹا اور اپنے والد کا خیال رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے مقدمہ کی سماعت اسی مہینہ کی 30 تاریخ تک ملتوی کردی۔