جب ٹیم کے مظاہرے بہتر ہوں تو کپتان کا کام آسان ہوجاتا : کمار

نئی دہلی ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سن رائزس حیدرآباد نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرلی ہے اور وہ فی الحال ٹیموں کے جدول میں پہلے مقام پر آ گئی ہے جس پر اظہارخیال کرتے ہوئے کارگذار کپتان بھونیشور کمار نے کہا کہ جب ٹیم کے مظاہرے بہتر ہوں تو کپتان کا کام آسان ہوجاتا ہے۔ حیدرآباد کو رواں آئی پی ایل کے افتتاحی مقابلہ میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اس کے بعد کھیلے گئے تینوں مقابلوں میں ٹیم نے فتوحات حاصل کی ہیں۔ حیدرآباد کے کپتان بھونیشور کمار نے دہلی کے خلاف کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ فیروزشاہ کوٹلہ کی وکٹ بیٹنگ کیلئے مشکل تھی اور جب ہم نے ٹاس جیتا تو ہمیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ وکٹ کا برتاؤ کیا ہوگا۔ بھونیشور کمار سمجھتے ہیں کہ ہندوستان کے مختلف شہروں میں وکٹوں کا برتاؤ ایسا ہی ہوگا اور ٹورنمنٹ کے آگے بڑھنے کے ساتھ وکٹوں کی رفتار سست ہوجائے گی۔ ہندوستان بھر میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ وکٹوں کے برتاؤ بھی سست ہوجائے گا لہٰذا آئندہ مقابلوں کیلئے قطعی 11 کھلاڑیوں کے انتخاب میں حیدرآباد کو احتیاط برتنی ہوگی۔ یاد رہے کہ سن رائزر حیدرآباد کی ٹیم پابندی کے بعد ڈویڈ وارنر کی واپسی اور مستقل کپتان کین ولیمسن کے زخمی ہونے کے بعد رواں سیزن قیادت کے مسئلے سے دوچار تھی لیکن ابتدائی مقابلوں کیلئے نائب کپتان کمار کو قیادت سونپی گئی ہے تاہم اوپنر س وارنر اور جانی بیراسٹوکی شاندار بیٹنگ نے کپتان کا کام آسان کردیا ہے۔