بارپیٹا( آسام )۔/22اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) بارپیٹا لوک سبھا نشست کیلئے ایک آزاد امیدوار نے عجیب و غریب وعدے کئے ہیں۔ اس نے یہاں کے عوام سے کہا ہے کہ وہ یہاں پر بسے ہوئے غیر قانونی افراد کو نکال باہر کریں گے۔ ورزش کرنے کیلئے بڑے بڑے جمس کھولیں گے اور ایسے نوجوان جن کی شادیاں اب تک نہیں ہوئی ہیں، ان کی شادیاں کرانے میں اپنا مکمل تعاون پیش کریں گے بلکہ وہ خود بھی ( جو اب تک کنوارے ہیں ) انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد شادی کرلیں گے۔ 66سالہ کمال الدین جو اب تک کنوارے ہیں اور انہوں نے عزم کیا ہے کہ جب تک وہ انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کرلیتے وہ شادی نہیں کریں گے۔
انہوں نے سات بار انتخابات ، چار بار اسمبلی انتخابات اور دو بار ضلع پریشد انتخابات لڑے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں پہلی بار وہ قسمت آزمائی کررہے ہیں اور ان کا مقابلہ کانگریس کے اسمعیل حسین، بی جے پی کے چندا موہن پٹواری ، اے جی پی کے فنی بھوشن چودھری اور اے آئی یو ڈی ایف کے سراج الدین اجمل سے ہے جہاں 24اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ کمال الدین کو اب تک کنوارے رہنے پر کوئی افسوس نہیں، لیکن انہیں توقع ہے کہ 16مئی کو انتخابی نتائج کے روز ان کا ’کنوارہ پن ‘ ختم ہوجائے گا۔ انہیں پوری امید ہے کہ عوام انہیں ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران وہ جن ورقیوں کو تقسیم کررہے ہیں اس میں انہوں نے عوام سے 15انتخابی وعدے کئے ہیں۔