جبری وصولی کے الزام میں بشمول وکیل تین گرفتار

حیدرآباد 12 جون (پی ٹی آئی) ایک کمپنی کے عہدیدار کو درج فہرست طبقات و قبائیل (انسداد مظالم) قانون کے تحت شکایت درج کروانے کی دھمکی دیتے ہوئے مبینہ طور پر 15 لاکھ روپئے کی جبری وصولی پر پولیس نے ایک سافٹ ویر کمپنی کے وکیل کے بشمول تین افراد کو آج گرفتار کرلیا۔ ایس رمیش ایڈوکیٹ، ایم سنجیو کمار اور ایم کرن جو ایک آئی ٹی کمپنی میں انالسٹ کے طور پر کام کیا کرتے تھے۔ ایک شخص کی شکایت پر گرفتار کئے گئے۔ شکایت کنندہ شخص اس کمپنی کا سینئر منیجر تھا۔ ان تینوں افراد کو کمپنی نے برطرف کردیا تھا جس پر سینئر منیجر کے خلاف انتقام کا جذبہ پیدا ہوگیا۔ انھوں نے گزشتہ سال ستمبر میں اس کمپنی منیجر کو ایک ہوٹل میں طلب کیا اور اس کے خلاف قانون (انسداد مظالم) درج فہرست طبقات و قبائیل کے تحت شکایت درج کروانے کی دھمکی دیتے ہوئے 15 لاکھ روپئے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ سینئر منیجر نے اُنھیں دو اقساط میں 15 لاکھ ادا کیا بعدازاں دباؤ کے سبب ملازمت بھی چھوڑ دیا۔ سائبرآباد پولیس کمشنر مہیش بھاگوت نے یہ تفصیلات بیان کرتے ہوئے مزید کہاکہ اس شخص کی شکایت پر پولیس نے تحقیقات کے بعد ان تینوں افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے 15 لاکھ روپئے برآمد کرلئے گئے۔ ان تینوں کے خلاف دفعات 384 ،323 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔