حیدرآباد ۔ 5 ؍ فبروری ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فور س ویسٹ ٹاون ٹیم نے حبیب نگر پولیس اسٹیشن کے بدنام زمانہ روڈی شیٹر محمد قیصر اور اس کے ساتھی کو جبراً وصولی اور معاملات کی یکسوئی کرنے پر گرفتار کرلیا گیا ۔ ڈیٹکٹیو انسپکٹر ہمایوں نگر مسٹر جی راجو نے بتایا کہ اسداللہ خان اور اعظم ٹراویلس کا کاروبار چلاتے تھے لیکن کچھ وجوہات کے سبب دونوں میں نااتفاقی پیدا ہوگئی تھی اور تنازعہ پیدا ہوگیا ۔اسداللہ خان کی فارچونر کار کو مسکن نامی شخص کے ذریعہ روڈی شیٹر قیصر نے مبینہ طور پر چھین لی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اعظم نے تنازعہ کی یکسوئی کے لئے قیصر اور اس کے ساتھیوں شاکر ‘ ابراہیم اور دیگر سے ربط پیدا کیا تھا اور ان کی مدد طلب کی تھی ۔ اسداللہ خان نے روڈی شیٹر قیصر کی جانب سے ان کی کار چھین لیئے جانے پر کمشنر ٹاسک فورس کو راست طورپر شکایت کی جس کے نتیجہ میں روڈی شیٹر اور اس کے ساتھی شاکر کوحراست میں لے لیا گیا اور انہیں ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا ۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں ٹاسک فورس نے ویسٹ زون کے تمام روڈی شیٹرس بشمول قیصر کی کونسلنگ کی تھی لیکن وہ جرم میں دوبارہ ملوث ہونے پر پولیس نے اس کا سخت نوٹ لیا۔