حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : جبراً وصولی لوٹ مار اور ڈکیتی کا منصوبہ رکھنے والی ایک ٹولی کو پولیس نے بے نقاب کردیا ۔ سائبر آباد پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم ( ایس او ٹی ) نے کشائی گوڑہ علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک کار کے ساتھ چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ تاہم اس ٹولی کا اصل سرغنہ جس نے ہتھیاروں کا انتظام کیا تھا ۔ وہ پولیس کی گرفت سے باہر اور مفرور بتایا گیا ہے ۔ ایس او ٹی نے چار افراد 21 سالہ کے روی کرن عرف روی ساکن چنتل بستی خیریت آباد 22 سالہ یو بھرت کمار ساکن کشائی گوڑہ متوطن چیرلہ پلی 22 سالہ پی پرساد ریڈی ساکن کشائی گوڑہ اور 21 سالہ بھگیرت ساکن نریڈ میٹ کو گرفتار کرلیا جب کہ اس ٹولی کو ہتھیار فراہم کرنے والا اجے جو بہار کا ساکن مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کے قبضہ سے ایک بڑی چاقو ایک 7.65 ایم ایم آٹو میٹل ، ایک کار اور 5 موبائیل فون ضبط کرلیے ۔ روی کرن جو ٹال گیٹ پر کام کرتا تھا اس کی پہچان اجے سے ہوئی تھی جو بہار کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ اجے سے دوستی کے بعد روی کرن نے اس کی مدد سے ہتھیار حاصل کیا اور دیگر ملزمین سے دوستی ہوئی اور انہوں نے لوٹ مار ، رہزنی اور جبراً وصولی کا منصوبہ تیار کیا تھا ۔ ایک ملزم پرساد ریڈی نے اپنی داشتہ کے شوہر کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور وہ ہتھیار کے انتظار میں تھا اور بھرت نامی ملزم نے ایک شخص سے انتقام لینے کی کوشش کررہا تھا ۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔۔