دبئی۔ 28 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) سائبر جرائم کی بڑھتی وارداتوں اور نت نئے طریقوں کے جرائم کے رواج پانے کے جلو میں حال ہی میں جاپان میں بنکوں کی ’اے ٹی ایم‘ مشینوں سے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی چوری نے حکام کو حیران وپریشان کررکھا ہے۔ جاپانی پولیس کا کہنا ہے کہ 15 مئی کو دو سے تین گھنٹے کے کم وقت میں عالمی سائبرمافیا نے 1400 اے ٹی ایم مشینوں سے 13 ملین ڈالر کے برابر رقم چوری کی جو ملکی تاریخ میں اے ٹی ایم سے چوری کا اب تک کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔جاپان میں سائبر سرقے کی اس حیرت انگیز اسٹوری کو بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے بھی کور کیا ہے۔ اخبار ’ڈیلی ٹیلیگراف‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جاپان میں دو گھنٹے کے کم وقت میں اتنی خطیر رقم کا چوری ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ سائبر جرائم میں ملوث مافیا حکومتوں کے وضع کردہ حفاظتی نظام کو ملیا میٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔