جاپان میں اولمپکس کیلئے گشتی مسجد متعارف

ٹوکیو۔29 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) جاپانی ادارے نے اولمپکس اور بین الاقوامی اسپورٹس مقابلوں کے دوران مسلمان شائقین کو نماز کی سہولت فراہم کرنے کے لئے موبائل مسجد تیارکی ہے۔ یاد رہے کہ 2020ء کے اولمپکس کی میزبانی ٹوکیو کرے گا۔ ٹوکیو اسپورٹس اور کلچرل ایونٹ کمیٹی کی جانب سے ٹرک کے چیسس پر مسجد بنائی گئی ہے۔ یہ موبائل مسجد ہر اس مقام پر موجود ہوگی جہاں بین الاقوامی ایونٹس اور اولمپکس کے دوران کھیلوں کے مقا بلے ہوں گے تاکہ اس دوران کوئی مسلمان عبادت سے محروم نہ رہ سکے۔ یاسو پروجیکٹ نامی کمپنی کے سی ای او نے اس ضمن میں کہا کہ جاپان میں تقریباً 2 لاکھ مسلمان آباد ہیں اور موبائل مسجد بنانے کا مقصد جاپانی مسلمانوں کو بھی اولمپک کی میزبانی میں شامل کرنا ہے۔ٹرک میں بنائی گئی اس مسجد کا رقبہ 48 مربع میٹر ہے اور اس میں بیک وقت 50 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں اس میں وضو کی جگہ بھی بنائی گئی ہے۔پروجیکٹ انتظامیہ کے مطابق فی الحال موبائل مسجد کو ٹوکیو اولمپکس اور دیگر بین الاقوامی اسپورٹس ایونٹس کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ مستقبل میں موبائل مسجد کو دیگر تقریبات کے دوران بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ مذہبی فاصلوں کو ختم کرنے میں مدد مل سکے۔