جان کیری کی دھمکیوں پر اسرائیلی قائدین چراغ پا

یروشلم ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے سخت گیر قائدین نے آج امریکی وزیرخارجہ جان کیری کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ امن رعایتیں حاصل کرنے کیلئے وہ (کیری) اسرائیل پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ اس کوشش میں انہوں نے معاشی بائیکاٹ کی دھمکی کو بھی مسخ شدہ حالت میں پیش کیا ہے۔ دنیا کے دو قریبی حلیف ملکوں امریکہ اور اسرائیل کے درمیان تازہ ترین لفظی جنگ شروع ہوئی تھی جب کیری نے اسرائیل کو خبردار کیا تھا کہ فلسطین کے ساتھ امن مذاکرات ناکام ہوجانے کی صورت میں یہودی مملکت کو سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کیری نے اسرائیل کے خلاف معاشی بائیکاٹ کی دھمکی کا حوالہ بھی دیا تھا۔ واضح رہیکہ کئی ممالک کی حکومتوں اور تجارت اداروں نے حال ہی میں کہا تھا کہ فلسطینی علاقوں پر یہودی بستیاں بسانے کی صورت میں وہ اسرائیل کے ساتھ تجارت نہیں کریں گے۔ ان کے اس موقف سے فلسطینیوں کے زیرقیادت بائیکاٹ کی مہم کی کامیابی کی جھلک ملتی ہے۔ اسرائیل کے سخت گیر قائدین وزیراعظم بنجامن نتن یاہو اور وزیرامکنہ یوری آریل نے اسرائیل کے خلاف امریکی وزیرخارجہ کی دھمکیوں کی مذمت تو کی ہے لیکن فلسطینی اراضیات پر یہودی بستیاں بسانے کے منصوبہ کو ترک نہیں کیا ہے۔