جانسن آسٹریلیا کے 300 کلب میں شامل

برمنگھم ۔30 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مچل جانسن آسٹریلیا کی طرف سے 300 ٹسٹ وکٹیں لینے والے پانچویں بولر بن گئے جب کہ انھوں نے انگلینڈ کے خلاف جاری تیسرے ایشز ٹسٹ میں آج ایجبسٹن میں اپنی ٹیم کی میچ میں واپسی میں بڑی مدد کی ۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر جانسن نے اس میچ کی شروعات 299 وکٹوں پر کی تھی لیکن اُنھیں چہارشنبہ کے پہلے دن کے کھیل میں اپنے پانچ اوورس میں کوئی کامیابی نہیں ملی جبکہ آسٹریلیا 136آل آؤٹ تک گھٹ گیا تھا لیکن آج اپنی تیسری گیند پر جانسن نے شاندار انداز میں انگلینڈ کے بیٹسمین جانی بریسٹو کو آؤٹ کرتے ہوئے اپنا 300 واں شکار درج کرایا ، جو رواں سیزن کاؤنٹی کرکٹ میں زائد از 100 کے اوسط سے رن بنارہے تھے مگر آج صرف 5 رنز بناکر وکٹ کیپر پیٹر نیول کو کیچ دے بیٹھے ۔ دو گیندوں بعد جانسن نے کچھ اسی نوعیت کی گیند پر آل راؤنڈر بین اسٹوک کو صفر پر وکٹوں کے پیچھے کیچ کراتے ہوئے اپنی 301 ویں ٹسٹ وکٹ حاصل کی ۔ جانسن سے قبل صرف عظیم لیگ اسپنر شین وارن اور فاسٹ بولرس گلین میک گرا ، ڈینس للی اور بریٹ لی نے سابق میں آسٹریلیا کیلئے 300 وکٹیں لئے تھے ۔ اس کے علاوہ جانسن نے کل 3 رنز بناتے ہوئے 2000 ٹسٹ رنز بھی مکمل کئے ۔