جامع مسجد محبوب نگر کے میناروں کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد

محبوب نگر۔/9نومبر، ( ذریعہ ای میل ) شہر محبوب نگر کی 160سالہ قدیم تاریخی جامع مسجد میں بروز جمعہ دو میناروں کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ایک مینار جو سیدھے جانب ہے اسکا سنگ بنیاد بدست نائب شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ مفتی سید صغیر احمد نقشبندی و بائیں جانب کے مینار کا سنگ بنیاد محمد عبدالسمیع صدر مجلس انتظامی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ مفتی سید صغیر احمد نقشبندی نے دعاء کی۔ محمد عبدالرفیع ذکی نائب صدر مجلس انتظامی نے مصلیان اور اہل خیر حضرات سے اس تعمیری کام میں فراخدلی کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حدیث شریف کے مطابق اللہ کے گھر کی تعمیر کے بدلے میں اللہ رب العزت اس شخص کیلئے جنت میں اعلیٰ محل عطاء فرمائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصلیان مسجد اور اہل خیر حضرات کے فراخدلانہ تعاون کی بناء مسجد کی تزئین و تعمیر انجام دی جارہی ہے۔ مجلس انتظامی کی جانب سے ان تمام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر محمد عبدالرؤف جویلرس نائب صدر، محمد عبدالرحمن کارگذار معتمد، محمد تاج الدین خازن، محمد اقبال انجینئر، سید نور الدین، محمد حمید، محمد مجید خان، محمد محسن خان، سید افضل بیابانی، محمد مشتاق، محمد مجید جویلر، محمد عظیم، محمد سرور، محمد تنویر، محمد علیم کے علاوہ مصلیان مسجد کی کثیر تعداد موجود تھی۔اس کار خیر میں تعاون کے لئے مسجد کے اکاؤنٹ نمبر10519571121 ، آئی ایف سی نمبر 0003848 بنام منیجنگ کمیٹی جامع مسجد محبوب نگر، جمع کرواسکتے ہیں۔