فنڈس کی منظوری کے لئے اراکین کمیٹی کی ڈپٹی چیف منسٹر سے نمائندگی
محبوب نگر /21 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر نے دورہ محبوب نگر کے موقع پر جامع مسجد کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر صدر جامع مسجد کمیٹی جناب محمد عبد السمیع کی صدارت میں ایک تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مسٹر اے پی جتیندر ریڈی ایم پی محبوب نگر نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر کو مسجد کمیٹی کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔ صدر جناب محمد عبد السمیع و رکن محمد عبد الرافع ذکی نے ڈپٹی چیف منسٹر کو تفصیلات سے واقف کروایا کہ چندر شیکھر راؤ جب یہاں کے ایم پی تھے تو انھوں نے اپنے ایم پی فنڈ سے 35 لاکھ روپئے لائبریری اور کمیٹی ہال کی تعمیر کے لئے منظور کئے تھے، جس کی تعمیر ہو چکی ہے، البتہ مسجد کے لئے آٹو میٹک جنریٹر کی سخت ضرورت ہے۔ جس پر ڈپٹی چیف منسٹر نے اپنے ایم ایل سی فنڈ سے جنریٹر کی فراہمی کا تیقن دیا۔ عہدہ داروں اور اراکین کمیٹی نے موصوف سے گزارش کی کہ مزید تعمیری کاموں کے لئے فنڈس کی ضرورت ہے۔ جس پر جناب محمود علی نے اس کے لئے نمائندگی کا تیقن دیا۔ اس دوران موصوف کو واقف کروایا گیا کہ موجودہ مسجد کمیٹی نے ضروری تعمیری کام کروانے کے لئے مسجد کی آمدنی میں اضافہ کے لئے مسجد کی ملکیت کے کرایوں میں اضافہ اور شاپنگ سنٹرس کی تعمیر جیسے اقدامات کئے ہیں۔ انھوں نے کمیٹی کے اقدامات کی ستائش کی۔ اس موقع پر ایم اے رحمن، محمد ظفر علی، محمد تاج الدین، محمد محسن خان، محمد مجید خان، ساجد خان، اقبال انجینئر، افضل بیابانی، محمد تنویر، سید نور الحسن اور دیگر بھی موجود تھے۔