نماز پنجگانہ کی پابندی کی تلقین، مولانا شیخ حسین اشرفی کا خطاب
گمبھی راؤ پیٹ /5 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گمبھی راؤ پیٹ کے موضع لنگانہ پیٹ میں جامع مسجد کی تعمیر جدید کے کام کا آغاز بعد نماز ظہر ہوا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کو مولانا شیخ حسین اشرفی نے مخاطب کرتے ہوئے مقامی مسلمانوں کو نماز پنجگانہ کی پابندی کی تلقین کی اور کہا کہ مسجد بنانا آخرت کا ایک بہترین سودا ہے۔ مولانا احمد حسین سرپرست تحفظ ختم نبوت نے اپنے خطاب میں مقامی مسلمانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ تعالی کی رسی کو مضبوطی سے تھام کر اللہ والے ہو جائیں اور غیر آباد مسجد کو آباد کریں۔ انھوں نے کہا کہ اللہ والے حقیقت میں وہ ہیں، جو زکوۃ، صدقات اور خیرات ادا کریں اور مساجد کے تعمیری کام میں حصہ لیں۔ مولانا ایک حدیث شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب مسجد نبوی کی تعمیر ہو رہی تھی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تعمیری کاموں میں حصہ لیا۔ انھوں نے کار خیر کے کاموں میں مسجد کی تعمیر کو سب سے بہتر قرار دیا۔ اس موقع پر لنگانہ پیٹ کے مقامی مسلمانوں نے مسجد کی تعمیر جدید کے لئے آگے آتے ہوئے مالی تعاون کرنے والے جناب سید افضل علی اعجاز اور دیگر سے اظہار تشکر کیا۔ اس سنگ بنیاد تقریب میں مولانا فہیم منیری، مولانا نظرالحق قاسمی، حافظ الیاس، مولانا عبد العلیم شمس، حافظ عرفان خان، ایم پی ٹی سی حمید الدین خالد، کوآپشن رکن منڈل پریشد محمد محبوب علی، صدر مسلم کمیٹی لنگانہ پیٹ محمد فرحان، صدر مسجد سعدیہ گمبھی راؤ پیٹ سید غازی الدین زبیر، صدر جامع مسجد سید آصف علی سعادت، سید سعاد اللہ، سید ولایت اللہ حسینی، محمد قطب الدین، محمد عارف، محمد جلیل اور دیگر بھی موجود تھے۔