جامع سروے :سدی پیٹ کے عوام سے اپیل

سدی پیٹ ۔17 اگسٹ ( ای میل ) قائد ٹی آر ایس سدی پیٹ جناب محمد عبدالوحید نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ 19 اگسٹ کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے کئے جارہے ’’گھر گھر سروے ‘‘پروگرام کو عوام کی جانب سے کامیابی سے ہمکنار کیا جائے کیونکہ ’’گھر گھر سروے‘‘ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل پروگرام ہے ۔ ریاستی حکومت سرکاری اسکیمات کو مستحقین تک پہنچانا چاہتی ہے ۔ وزیراعلی کے چندرشیکھر راؤ نے گھر گھر سروے پروگرام کا جو فیصلہ کیا ہے اس کا ہر طرف سے خیرمقدم کیا جارہا ہے اور مذکورہ سروے سے متعلق عوام میں کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے ۔ حکومت تلنگانہ نے 19 اگسٹ کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ میں 19 اگسٹ کو گھر گھر سروے پروگرام کی کامیابی سے متعلق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کے حلقہ سدی پیٹ کے ساتھ ساتھ تلنگانہ عوام کو تعاون کرنے اور تمام افسران و عہدیداران کو گھر گھر پہنچ کر عوام کی تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایت دی اور جلد بازی نہ کرنے پر زور دیا ، تاکہ عوام کو تفصیلات کی فراہمی میں آسانی ہو اور حکومت کا مقصد پورا ہوسکے ۔ محمد عبدالوحید نے عوام سے اپیل کی کہ سربراہ خاندان ساری مصروفیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے اپنے گھروں پر رہیں اور ’’گھر گھر سروے‘‘ پروگرام کے افسران کو اپنی اور اپنے افراد خاندان ضروری تفصیلات کا اندراج کروانے میں تعاون کریں ۔ چونکہ یہ سروے سرکاری اسکیمات کے فوائد سے مربوط ہے۔