’’دور جدیدکے طبی مسائل‘ شریعت کی روشنی میں ‘‘عنوان پر اسکالرس مقالے پیش کریںگے
حیدرآباد 31 جنوری (پریس نوٹ) ۔ علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد کے زیراہتمام بموقع عرس شریف شیخ الاسلام عارف باللہ مولانا حافظ محمد انواراللہ فاروقی قدس سرہ العزیز بانی جامعہ نظامیہ اتوار3 ؍فبروری کو10 بجے دن علمی مذاکرہ بعنوان ’’دور جدید کے طبی مسائل شریعت کی روشنی میں‘‘ منعقد ہوگا۔ مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی خلیل احمد ‘شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ خیر مقدم کریں گے۔ اس علمی و تحقیقی مذاکرہ میں حسب ذیل حضرات مقالہ جات پیش کریں گے۔مولانا حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ بعنوان ’’سروگسی کی حقیقت ‘ مختلف شکلیں اور شرعی احکام ‘‘۔ مولانا حافظ سیدبدیع الدین صابری ،پروفیسر شعبہ عربی جامعہ عثمانیہ بعنوان ’’ کلوننگ کے مسائل‘ شریعت کی روشنی میں‘‘۔ مولانا حافظ محمد لطیف احمد ‘ نائب شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ بعنوان ’’پلاسٹک اور کاسمٹک سرجری ‘حلت وحرمت کے تناظرمیں‘‘۔ مولانا حافظ سیدواحد علی نائب شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ بعنوان ’’ سرجری کے اقسام اور صورتیں‘ شریعت کیے آئینہ میں‘‘۔مولانا حافظ محمد امین الدین نائب مفتی جامعہ نظامیہ بعنوان ’’طبی مشورہ کی بنیاد پرقتل اور اسقاط حمل ‘اسلامی نقطہ نظر سے‘‘موضوع پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کریںگے۔طلبہ علوم اسلامیہ ‘اصحاب ذوق اور اہل علم سے شرکت کی خواہش کیجاتی ہے۔منگل 5 فبروری کو بعد نماز عصر قران خوانی و چادر گل برمزار بانی جامعہ شیخ الاسلام عارف باللہ مولانا حافظ محمد انواراللہ فاروقی قدس سرہ العزیزپیش کی جائے گی ۔ بعد نماز مغرب جلسہ تقسیم اسناد ‘دستاربندی و عطائے خلعت بصدارت مولانا سیدشاہ اکبر حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ منعقد ہوگا ۔ قراء ت قرآن مجید‘ نعت شریف سے جلسہ کی کاروائی کا آغاز ہوگا مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی خلیل احمد ‘شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ خطبہ استقبالیہ دیں گے‘بزبان اردو‘اور بزبان عربی طلبہ جامعہ کی تقاریر ہوںگی ‘ تعلیمی رپورٹ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ پیش کریں گے ۔مالی رپورٹ جناب سید احمد علی معتمد جامعہ نظامیہ پیش کریں گے ۔ تذکرہ حضرت شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ مولانا حافظ میر لطافت علی شیخ التفسیر‘جامعہ نظامیہ بیان کریں گے ۔ فاضلین جامعہ و حفاظ جامعہ کی خلعت دستار بندی بدست شیوخ جامعہ نظامیہ عمل میں آے گی ۔ تقسیم اسناد انعامات اور گولڈ میڈل بدست حضرت امیر جامعہ نظامیہ عمل میں آے گی۔ سال حال جامعہ نظامیہ کے امتیازی کامیاب طلبہ اور کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ کی امتیازی کامیاب طالبات کو گولڈ میڈل دئے جائیں گے۔چہارشنبہ 6 فبروری کو بعد نماز عشاء طلبا جامعہ کے زیر اہتمام نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ جس میں ممتاز شعراء کرام اپنا نعتیہ کلام پیش کریں گے ۔