جاسوسی کے شبہ میں ایرانی نیوکلیئر مذاکرات کار گرفتار

تہران ، 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے مغربی ممالک کے ساتھ جاری نیوکلیئر  پروگرام کے مذاکرات سے منسلک ایک ایرانی جاسوس کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ایران کی وزارت انصاف کے ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ گرفتار کیا جانے والا ایرانی نژاد برطانوی شہری مبینہ طور پر برطانوی خفیہ ایجنسی سے رابطے میں تھا۔انہوں نے کہا کہ اس شخص کو ضمانت پر رہا کئے جانے سے پہلے کئی دنوں تک حراست میں رکھا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر پروگرام کی جاسوسی کرنے والے ایرانی شخص کی گرفتاری کی خبریں درست ہیں تاہم ابھی اس حوالے سے تفتیش جاری ہے ۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ دوہری شہریت کے حامل ایک ایرانی شخص عبدالرسول دوری اصفہانی کو گرفتار کیا گیا ہے ، جو ایک اکاؤنٹنٹ ہے اور نیوکلیئر ہتھیاروں سے متعلق مذاکرات میں بینکنگ کے معاملات دیکھ رہا تھا۔اصفہانی پر الزام تھا کہ انھوں نے ملک کی معاشی صورتحال کی تفصیلات غیر ملکیوں کو دیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق اصفہانی اس ٹیم کے رکن تھے جو معاشی پابندیاں اٹھانے کے لیے کام کر رہی تھی۔