جاریہ ماہ کرناٹک کابینہ میں ردوبدل

بنگلورو 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ریاستی کابینہ میں ردوبدل کیلئے طویل عرصہ سے انتظار کے بعد چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے آج یہ اعلان کردیا کہ جاریہ ماہ یہ کام مکمل کرلیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں نے جب کابینہ میں توسیع کا سوال اٹھایا تو چیف منسٹر نے کہاکہ یہ کام جاریہ ماہ کرلیا جائے گا۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے یہ اشارہ دیا تھا کہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بعد کابینہ میں تبدیلی کی جائے گی۔ یہ اجلاس جمعرات کو اختتام پذیر ہوگا۔ گزشتہ سال اکٹوبر میں سدارامیا نے کابینہ میں 4 ارکان بشمول صدر پردیش کانگریس جی پرمیشور کو شامل کیا تھا۔ تاہم ارکان اسمبلی کا ایک گروپ کابینہ میں ردوبدل کیلئے چیف منسٹر پر دباؤ ڈال رہا ہے اور وہ پارٹی ہائی کمان سے نمائندگی کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ سدارامیا خود بہت جلد دہلی کا دورہ کرکے پارٹی قیادت سے کابینہ میں ردوبدل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ سدارامیا کے وفادار بعض کانگریس ارکان نے حالیہ ایک اجلاس میں یہ فیصلہ کیاکہ کابینہ میں ردوبدل اور غیر کارکرد وزراء کو نکال دینے کا مطالبہ کیا جائے۔