جاریہ ماہ سے وظائف کی اجرائی متوقع

بودھن 7 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر میں وظیفہ پیرانہ سالی و معذورین کے علاوہ بیوہ خواتین کے لئے تاحال جملہ 8123 وظیفہ جاری کئے جارہے تھے۔ نئی حکومت کی تشکیل کے بعد اہل افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ نے صرف 4231 افراد کو ہی مستحق قرار دیا جن میں 1641 ضعیف افراد کے علاوہ اتنے ہی یعنی 1641 بیواؤں کے علاوہ 949 معذورین کو وظائف منظور کئے جن میں ایس سی طبقہ کے 207 ، ایس ٹی 32 ، بی سی 1255 ، او سی 147 افراد شامل ہیں۔ ذرائع کے بموجب اس ماہ کی 9 تاریخ سے وظائف کی اجرائی کے عمل کا آغاز ہوگا۔ تقریباً آدھے وظیفہ یابوں کے وظائف بند ہونے کی اطلاع پر مستحق افراد فکرمند ہوگئے ہیں۔ مستحق وظیفہ یابوں کی درخواستوں کی ازسرنو تنقیح کے لئے بودھن شہر کے 35 بلدی حلقوں میں 49 وفود نے دورہ کرتے ہوئے مستحق افراد کا انتخاب کیا۔ انچارج کمشنر بلدیہ واسودیو ریڈی کے مطابق اگر کسی وجہ سے اہل افراد کا نام وظیفہ یابوں کی فہرست سے خارج ہوگیا تو وہ پھر سے انھیں درخواست آر ڈی او بودھن کو پیش کرسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مستحق افراد کی نشاندہی کیلئے سرکاری عہدیداروں نے گھر گھر پہونچ کر اہل افراد کا انتخاب کیا ہے۔