جاریہ سال امریکہ نے پاکستان کیلئے 3 بلین ڈالرس کی امداد روکی

واشنگٹن ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے پاکستان کو دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کرنے کی سزاء دیتے ہوئے جاریہ سال سیکوریٹی امداد کے طور پر دی جانے والی 3 بلین ڈالرس نہیں دیئے جو قبل ازیں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کہی جانے والی رقم 1.3 بلین سے کہیں زیادہ ہے۔ ذرائع کے مطابق 3 بلین ڈالرس کی خطیر رقم کا جو حساب کتاب کیا گیا ہے اس میں وہ تمام رقومات شامل ہیں جو مختلف ذرائع سے مختلف مالیاتی سال کے دوران حاصل ہوئے۔ پنٹگان نے بھی گذشتہ ہفتہ ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے یہ کہا تھا اس رقم کو حالانکہ منظرعام پر نہیں لایا گیا ہے لیکن معطل شدہ 3 بلین ڈالرس اس رقم سے کہیں زیادہ ہے جبکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ 1.3 بلین ڈالرس بتائی تھی۔ یاد رہیکہ حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے درمیان ٹوئیٹر پر جو لفظی جنگ ہوئی تھی اس کے بعد ہی پاکستان کو مختلف ذرائع سے ملنے والی امداد کو مرتب کیا گیا تھا۔