برسبین ۔16 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے آج کہا ہیکہ مہمان ٹیم رواں سیریز میں جارحانہ کھیل کے سلسلہ کو جاری رکھے گی اور پہلے ٹسٹ میں ہوئی شکست کو مٹانے کیلئے کوشاں رہے گی۔ کارگذار کپتان ویراٹ کوہلی کی قیادت میں پہلے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم نے 364 رنز کے تعاقب میں چوتھی اننگز میں بہتر مظاہرہ کیا تھا لیکن آخری سیشن میں وکٹوں کے زوال کے بعد اسے 48 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ دھونی جوکہ انگوٹھے کے زخم سے صحتیاب ہوکر دوسرے ٹسٹ کیلئے ٹیم میں واپس آ چکے ہیں اور انہوں نے کل یہاں گبا میں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ جارحانہ طرز رسائی بہتر کھیل ہے، اسی کی بدولت ہم ایک مشکل نشانہ کے تعاقب کے قریب پہنچ چکے تھے۔ دھونی کے بموجب آئندہ مقابلہ میں بھی جارحانہ کھیل اور یہی طرزرسائی برقرار رہے گی۔