جارجز کوشکست،اسٹیفنز اور آزرینکا کی پیشقدمی

چارلسٹن۔4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا میں رواں چارلسٹن اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کا دوسرا راؤنڈ اہم کھلاڑیوں پر بھاری پڑ گیا جب اناستاسیا سیواسٹووا،ایلیس میرٹینز اور جولیا جارجز کو شکست ہوئی تاہم ٹاپ سیڈ سلون اسٹیفنز کی کامیاب پیشقدمی کا سلسلہ جاری ہے۔چارلسٹن اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں نمبر چار سیڈ لیٹویا کی اناستاسیا سیواسٹووا کو امریکہ کی جیسیکا پیگولا،نمبر چھ سیڈ بلجیم کی ایلیس میرٹینز کو ایسٹونیا کی کائیا کنیپی،نمبر سات سیڈ جرمنی کی جولیا جارجز کو امریکہ کی ٹیلر ٹاؤن سینڈ اور 13 ویں سیڈ امریکہ کی صوفیہ کینن کو پورٹوریکو کی مونیکا پوئیگ نے حیران کن ناکامی سے دوچار کردیا۔ ٹاپ سیڈ امریکہ کی سلون اسٹیفنز نے اسپین کی سارا سوریبس ٹورمو کو 7-6 اور 7-6،نمبر دو سیڈ ہالینڈ کی ککی برٹینز نے اٹلی کی مارٹینا ٹریویزن کو 6-2 اور 6-1،نمبر تین سیڈ بیلاروس کی آرینا سبالینکا نے یوکرین کی کیٹرینا کوزلووا کو 3-6،6-3 اور 6-3 نمبر نو سیڈ سوئٹزرلینڈ کی بلینڈا بین چچ نے امریکا کی ایلی کک کو 6-1 اور 6-3جبکہ نمبر پندرہ سیڈ یونان کی ماریہ سکاری نے سوئس حریف کونی پیرن کو 7-5،3-6 اور 6-1 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔میکسیکو میں جاری مونٹیری اوپن میں نمبر دو سیڈ اسپین کی گاربائن موگوروزا،امریکہ کی ساچیا وکیری،نمبرتین سیڈ روس کی اناستاسیا پیولی چینکوا،نمبر پانچ سیڈ بیلاروس کی وکٹوریہ ازارینکا اور ٹاپ سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر آخری 16کھلاڑیوں میں جا پہنچیں۔