سڈنی 20 ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ماہ شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کے لئے 15 رکنی ـآسٹریلیائی ٹسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں انگلینڈ کے خلاف 5-0 کی کامیابی حاصل کرنے والی آسٹریلیائی ٹیم میں شامل رہنے والے جارج بیلی کو ٹیم سے خارج کر دیا گیا ہے جبکہ مڈل آرڈر بیٹسمین شان مارش کو دوبارہ ٹیم میں طلب کرلیا گیا ہے ۔ 15 رکنی ٹیم میں الیکس ڈولن نیا چہرہ ہیں ۔ 28 سالہ ڈولن کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں منعقد شدنی پہلے ٹسٹ میں انہیں چھٹے مقام پر بیٹنگ کے لئے مارش سے مسابقت کرنی پڑے گی ۔ مارش اور ڈولن نے گھریلو کرکٹ شفیلڈ شیلڈ میں 39.10 اور 31.00 کی اوسط سے بالترتیب 248 اور 391 رنز اسکور کئے ہیں ۔ دورہ ٔجنوبی افریقہ کے لئے معلنہ ٹیم سے جارج بیلی کے اخراج پر تبصرہ کرتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا کے سیلکٹر جان انوریٹی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف بیلی نے بہتر مظاہرہ کیا ہے
لیکن ان پر مارش کو اس لئے ترجیح دی گئی کیونکہ مارش کو جنوبی افریقہ کے خلاف ماضی کا تجربہ اور بہتر ریکارڈ بھی ان کے پاس موجود ہے ۔ بیلی نے زیادہ بہتر مارش ثابت ہوں گے ‘ جیسا کہ گذشتہ دورہ پر جہاں آسٹریلیائی ٹیم کیپ ٹاؤن میں مشکلات کا سامنا کر رہی تھی اس موقع پر مائیکل کلارک نے سنچری اور مارش نے 44 رنز کی ایک بہترین اننگز کھیلی تھی ۔ 2011-12 کے دورہ جنوبی افریقہ کا دورہ شان مارش کے لئے بونس ثابت ہوا ہے ۔ جبکہ بیلی انھوں نے انگلینڈ کے خلاف 5 مقابلوں کی ٹسٹ سیریز میں 26.14 کی اوسط سے 18.3 رنز بنائے ہیں انہیں ایشیز میں بڑی اننگز نہ کھیلنے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے ۔ جان کے بموجب مارش ‘ ڈولن ‘ بیلی اور فلیپ ہیوز کے درمیان بیٹنگ کے 2 مقامات کے لئے سخت مسابقت رہی جہاں بیلی اور ہیوز کو نظرانداز کرنا پڑا ہے ۔ دورہ جنوبی افریقہ کے لئے 15 رکنی آسٹریلیائی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔ مائیکل کلارک (کپتان) ‘ براڈ ہاڈین ‘ (نائب کپتان) ‘ جیکسن برڈ ‘ الیکس ڈولن ‘ جمیس فالکنر ‘ ریان ہیرس ‘ میچل جانسن ‘ شان مارش ‘ نیتھن لین ‘ جمیس پیٹنسن ‘ کریس راجرس ‘ پیٹر سیڈل ‘ اسٹیون اسمتھ ‘ ڈیویڈ وارنر اور شین واٹسن ۔